محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ میں قومی ایچ پی وی (ایچ پی وی) ویکسی نیشن مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ یہ مہم 28 فروری 2026 کو پورے ملک کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی بیک وقت شروع کی گئی، جس کا بنیادی مقصد کم عمر بچیوں کو مستقبل میں سروائیکل کینسر جیسے مہلک مرض سے محفوظ بنانا ہے۔محکمہ صحت کے زیر اہتمام شروع کی گئی اس مہم کا مقصد ہیومن پیپیلوما وائرس (ایچ پی وی) سے بچاؤ کے لیے بروقت ویکسی نیشن کو یقینی بنانا ہے۔طبی ماہرین کے مطابق سروائیکل کینسر خواتین میں پایا جانے والا ایک سنگین مرض ہے، جو زیادہ تر ایچ پی وی انفیکشن کی وجہ سے ہوتا ہے۔
اس ویکسین کے ذریعے بچیوں میں قوتِ مدافعت پیدا کی جائے گی تاکہ وہ مستقبل میں اس بیماری سے محفوظ رہ سکیں۔ضلع پونچھ میں اس مہم کے آغاز کے موقع پر محکمہ صحت کے افسران، ڈاکٹروں اور طبی عملے نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم قومی اقدام ہے جس کے مثبت نتائج آنے والے برسوں میں سامنے آئیں گے۔ حکام نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنی بچیوں کو مقررہ مراکز پر لے جا کر ویکسین ضرور لگوائیں تاکہ ان کی صحت کو یقینی بنایا جا سکے۔محکمہ صحت کے مطابق مہم کے دوران اسکولوں اور طبی مراکز میں خصوصی کیمپس لگائے جائیں گے جہاں مستحق بچیوں کو مفت ویکسین فراہم کی جائے گی۔ اس سلسلے میں آگاہی پروگرام بھی منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام میں اس ویکسین کے بارے میں پائے جانے والے خدشات کو دور کیا جا سکے اور زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔قومی ایچ پی وی ویکسی نیشن مہم کو صحت عامہ کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مستقبل میں سروائیکل کینسر کے کیسز میں نمایاں کمی کی توقع ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔