منڈی//پونچھ کے بالائی علاقوں میں موسم کی پہلی برفباری ہونے کے ساتھ ہی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیاہے تاہم لوگوںنے چار ماہ کی خشک سالی کے بعد راحت کی سانس لی ہے ۔موسم میں اچانک تبدیلی سے سردی میں بھی کافی حدتک شدت آئی ہے اور لوگوں نے گرم ملبوسات و کانگڑیوں کا استعمال کرنا شروع کر دیاہے ۔پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ اور منڈی کے بالائی علاقہ جات لورن، ساوجیاں، سانگلہ اور بفلیازوغیرہ میں برف کی سفید چادر بچھ گئی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں شدید برسات کا سلسلہ گزشتہ دنوں سے جاری ہے ۔ لورن ساوجیاں کی عوام نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر سے اپیل کی ہے کہ وہ بالائی علاقوں میں راشن اور تیل خاکی کے تین ماہ تک کیلئے ذخیرہ کو یقینی بنائیں تاکہ برفباری کے دوران مشکلات کاسامنانہ کرناپڑے ۔انہوںنے اس امید کا اظہارکیاکہ محکمہ بجلی سرد موسم کے دوران سپلائی فراہم کرے گا۔ عبدالرشید نامی شخص نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ تین ماہ کے لئے لورن کے دور دراز علاقوں میں راشن، تیل خاکی اور دیگر ضروری اشیاءدستیاب رکھی جائیں ۔