پونچھ // ریاست میں لاگو کئے گئے نئے ٹیکس قانون (جی ایس ٹی) کے حوالے سے ڈی ڈی اوز اور دیگر ملازموں کو آگاہ کرنے کے لئے ڈاک بنگلہ پونچھ کے میٹنگ ہال میں ایک ورکشاپ منعقد کا اہتمام کیا گیاجس دوران اس حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا ۔پروگرام کی صدارت ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر نے کی۔انہوں نے میٹنگ میں شریک تمام افسران کو بتایا کہ ملک کے باقی حصوں کے ساتھ ساتھ اس نئے ٹیکس نظام کو ریاست میں بھی رائج کیا گیا ہے ۔انہوں نے اس ایکٹ پر روشنی ڈالی اورکہا کہ اس قسم کی ورکشاپ کے انعقاد کرنے کا مقصد اس ایکٹ کے حوالے سے تمام خدشات پر تبادلہ خیال کرنا ہے جو کہ متعلقہ فریقین کو جی ایس ٹی کے عمل درآمد میں درپیش ہیں۔اس موقعہ پر مہیپ گپتا نے نئے ٹیکس نظام( جی ایس ٹی) کے تمام اجزاء کے بارے میں تفصیل سے وضاحت کی ۔انہوں نے کہاکہ مختلف طریقوں سے اس نظام کی منتقلی پر عمل درآمد کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے شرکاء کو جی ایس ٹی کے تحت انکم ٹیکس کی رجسٹریشن کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیل سے وضاحت کی۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ کمرشل ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے GST ایکٹ پر باقاعدگی سے واقفیت اور بیداری کے لئے تمام اضلاع میں پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں تاکہ متعلقہ افسر اور تاجر قوانین سے واقف ہوسکیں۔اس دوران کچھ اہم معاملات حاصل کر کے لئے شرکاء نے ماہرین سے سوالات بھی کئے جن کے جوابات دیتے ہوئے متعلقہ افسران نے یقین دہانی کرائی کہ معاون نظام کے حصول کے لئے محصول کنندگان کو جی ایس ٹی قانون کے تحت ہر طرح کا تعاون دیا جائے گا ۔اس دوران یہ بھی بتایا گیا کہ آن لائن رجسٹریشن ایک بہت آسان عمل ہے۔اس ورکشاپ میں ضلع کے تمام محکموں کے ڈی ڈی اوز اور دیگر ملازمین کے علاوہ اے ڈی سی پونچھ گرورندرجت سنگھ نے بھی شرکت کی۔