پونچھ//امام بارگاہ پونچھ میں انجمن جعفریہ کے زیر اہتمام جلسہ سیرت النبی ؐ کا اہتمام کیا گیاجس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد مقامی ثنا خوان حضرات نے بارگاہ رسالت مآب ؐمیں نعت و منقبت کا نذرانہ پیش کیا ۔اس دوران بیرون ریاست سے تشریف لائے عالم دین و مبلغ مولانا اختر عباس جون نے پیغمبرِ اکرم ؐ کی شان میں قرآن مجید کی آیت بیان کی جس میںرسول اللہ کی زندگی کو پوری کائنات کے لئے نمونہ قرار دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ ہمیں سیرت سرکار دوعالمؐ سے زندگی کا طریقہ سیکھناچاہئے ۔ انہوں کہا کہ رسول اللہ ؐ کی طرززندگی ہر دور کے انسان کے لئے اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہؐ نے قوم، قبلہ، رنگ ونسل، اونچ نیچ کے سارے بُت توڑ دیئے۔۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسے دور میں جی رہے ہیں جب لوگوں پر قوم، نسل، اونچ ،نیچ اور مسلک کی بنیاد پر ظلم کیا جاتا ہے اورایسا ہی دور رسول اللہ سے قبل عرب کا بھی تھا جہاں رسول اللہ ؐنے با کر دار غلاموں کو نماز کی پہلی صف میںکھڑا کر دیا اوربڑے عہدوں والے، مال وثروت والے ان کے پیچھے کھڑے ہو تے گئے ۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو بھی رنگ نسل، مسلک کے بتوں کو توڑنا ہوگا کیونکہ جب تک ہم ان بتوں کو توڑیں گے نہیں تب تک ہم رسول اللہؐ کے قریب نہیں ہو سکتے۔انہوں نے کہا پیغمبر اکرم ؐ کی سیرت سے ناآشنا ہونے کی وجہ سے مسلمان پریشانیوں سے دوچار ہیں ۔ اس محفل سے عبدالرشید جامیؔ نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے در کے غلام ہیں اور ان کے پاس جو کچھ ہے وہ اسے گھرانے کا صدقہ ہے۔انہوں نے بھی سیرت رسول اکرمؐ اور سیرت اہلبیت ؑپر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ مسلمان سرکار دوعالم ؐکی سیرت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے آپسی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کریں۔ صدر انجمن جعفریہ پونچھ مقبول حسین قلی نے تمام شرکا کا شکریہ اد ا کیا جبکہ نظامت کے فرائض ماسٹر انور حسین ونتو نے انجام دیئے۔