پونچھ//69 ویں پونچھ لنک اپ ڈے پر پونچھ 93 انفینٹری بریگیڈ کی جانب سے جشن منایا گیا۔21 دسمبر 1948 کو پونچھ 19 انفینٹری بریگیڈ اور دیگر حفاظتی عملے کی جانب سے خطہ پیر پنچال کا250کلومیٹر طویل علاقہ قبائلیوں سے واپس لیاگیااور اس مناسبت سے فوج کی طرف سے ہر سال جشن منایاجاتاہے ۔پچھلے کئی ہفتوں سے پونچھ میں فوج کی جانب سے جشن کا سلسلہ جاری تھا۔اس دوران جہاں فوج نے مختلف اسکولوں کے بچوں میں مصوری کے مقابلے کروائے وہیں پریتم سپریچول ٹرسٹ کے اشتراک سے 93انفینٹری برگیڈ کے کمانڈڑ اے ایس پنڈار کر کی زیر نگرانی درجنوں معذوروں کو مصنوعی ٹانگیں اور دیگر اعضا لگائے گئے۔ اس جشن کی اختتامی تقریب22نومبر کو منائی گئی جس میں ایم ایل اے پونچھ شاہ محمد تانترے، ایم ایل سی پردیپ شرما، ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر،ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے، اے ڈی ڈی سی پونچھ عبدالحمید شیخ اورضلع انتظامیہ و فوج کے افسروں اور معزز شہریوں نے بھی شرکت کی۔اس دوران پونچھ ہوائی پٹی کے ملحقہ نمن استھل جہاں مارے گئے فوجی افسروں اوراہلکاروں کے نام درج ہیں اور ان کی یاد گاربنائی گئی ہے، پر مہمانان گرامی نے پھول چڑھا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔بعد از آں بچوں کی جانب سے غبارے ہوا میں اڑائے گئے جبکہ ایڈیٹوریم میں ایک نمائش بھی لگائی گئی تھی جہاں سوئوچھ بھارت ابھیان کے تحت انجام دی گئی کارکردگی اجاگر کی گئی اور دیگر فلاحی سکیموں کی نمائش کی گئی ۔ایڈیٹوریم میں ایک تمدنی پروگرام کا انعقاد بھی کیا گیا جہاں پونچھ کے معروف قلم کار کے ڈی مینی کی لکھی ہوئی تاریخ پر تیار کی گئی 14منٹ کی دستاویزی فلم دکھائی گئی ۔یہ دستاویزی فلم تین حصوں پر مشتمل تھی ۔بچوں کی جانب سے تمدنی پروگرام بھی پیش کئے گئے ۔پروگرام کے اختتام پر بچوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔اس دوران نظامت کے فرائض معروف ناظم پردیپ کھنہ نے انجام دیئے۔