پونچھ//ضلع راجوری کے نوشہرہ اور منجا کوٹ میں حد متارکہ پر کشیدگی کے باوجود ہفتہ وار راو لا کوٹ پونچھ راہ ملن بس سروس چکاں دا باغ کے راستے اس ہفتہ بھی جاری رہی۔ اس دوران 73مسافروں نے حد متارکہ کے آر پار کا سفر کیا۔پونچھ سے راولاکوٹ کے لئے سپورٹس سٹیڈیم سے روانہ ہوئی بس سے 59مسافر روانہ ہوئے جو سب کے سب پونچھ میں رہنے والے رشتہ داروں سے ملاقات کے بعد پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے راولاکوٹ لوٹ گئے۔ واضح رہے کہ اس بار کوئی بھی نیا مسافر پاکستان کے لئے پونچھ سے روانہ نہیں ہوا ۔ پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے پونچھ پہنچی بس سے 14مسافر آئے جو سب کے سب پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے پونچھ میں رہنے والے رشتہ داروں سے ملاقات کو آئے جبکہ اس ہفتہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر گیا ہوا پونچھ کا کوئی بھی مسافر اپنے وطن واپس نہیں لوٹا ۔ اس بار حدِ متارکہ پر گیٹ 1بجکر7منٹ پر کھولا گیا اور1بجکر16منٹ پر دوبارہ بند کر دیا گیا۔