پونچھ دھماکہ:جائے وقوعہ سے نمونے حاصل، تحقیقات جاری ڈی آئی جی کا دورہ ،کہا اہم سراغ ملے ہیں،ملوثین کو بخشا نہیں جائے گا

عشرت بٹ+حسین محتشم

پونچھ //فارنسک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کی ٹیموں نے پونچھ قصبے میں ایک گرودوارہ کے قریب کل رات ہونے والے پراسرار دھماکے کی جگہ سے نمونے اکٹھے کیے ہیں اور سول سوسائٹی کے ارکان سے ملاقات کے علاوہ پولیس کے سینئر افسران نے بھی جائے وقوع کا دورہ کیا۔یہ دھماکہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب تقریباً 11:00 بجے ہوا جس کے آس پاس کی دیواروں پر دھماکے کے نشانات واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔یہ دھماکہ پونچھ شہر میں پونچھ ہسپتال کے قریب ایک گرودوارے کے سامنے ہوا تھا۔بدھ کے روز، ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج، تیجندر سنگھ نے دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا جہاں انہیں ایس ایس پی پونچھ یوگل منہاس نے صورتحال سے آگاہ کیا۔ڈی آئی جی نے دھماکے کی جگہ کا دورہ کرنے کے علاوہ علاقے میں واقع گرودوارہ کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے سکھ برادری کے نمائندوں کے علاوہ سول سوسائٹی کے ارکان سے بھی ملاقات کی جنہوں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی نشاندہی اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج تیجندر سنگھ نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ڈی آئی جی تیجندر سنگھ نے کہا’’گزشتہ رات کے واقعے کے بعد پولیس نے تیزی سے جوابی کارروائی کی اور تمام سینئر افسران کچھ ہی دیر میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئے‘‘۔انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے دوران کچھ اہم سراغ سامنے آئے ہیں تاہم فی الحال ان کا اشتراک نہیں کیا جا سکتا۔ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ کیس کو حل کیا جائے گا اور جو بھی ملوث پایا گیا اس کی نشاندہی کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے تمام سماج دشمن عناصر کو متنبہ کیا کہ وہ سماج دشمن عناصر کو ایسی کسی بھی کارروائی سے باز رکھیں کیونکہ پولیس اس کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ جہاں ہم معاملے میں ملوث افراد کو جلد حراست میں لیں گے وہیں ہم ان تمام لوگوں کو یہ انتباہ بھی دیتے ہیں جو اس طریقے کی سرگرمی انجام دینے کا سوچ بھی رہے ہیں کہ آنے والے دنوں میں ہم اس سے متعلق معاملات پر سختی برتیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاملے کی تفصیلات ابھی منظر عام پر نہیں لائی جا سکتی لیکن دہشت گردانہ سرگرمیوں کے خلاف سیکورٹی ایجنسیاں مضبوطی سے کام کر رہی ہیں، اگرچہ دشمن یہ چاہتا ہے کہ امن میں خلل پیدا کیا جائے لیکن اس سازش میں ہم اسے کامیاب ہر گز نہیں ہونے دیں گے۔اس دوران مقامی پولیس نے اس واقعہ کی پوچھ گچھ کے سلسلے میں کچھ لوگوں کو حراست میں بھی لیا ہے۔تاہم پولیس کی جانب سے ابھی تک کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔