محتشم احتشام
پونچھ//پونچھ ٹاؤن کے مصروف ترین بازار میں بھاری مال بردار گاڑیوں کے بے قاعدہ اور غیر منظم داخلے نے عوام کی مشکلات میں خطرناک حد تک اضافہ کر دیا ہے۔ بالخصوص صبح اور دوپہر کے رش کے اوقات (10 بجے صبح تا 4 بجے شام) میں لوڈڈ ٹرالیوں اور ٹرکوں کا داخلہ شدید ٹریفک جام، پیدل چلنے والوں کی روانی میں رکاوٹ، اور مجموعی طور پر بازار کے نظم و ضبط کو متاثر کر رہا ہے۔مقامی دکانداروں، طلباء اور روزانہ سفر کرنے والے شہریوں نے بتایا کہ بھاری گاڑیوں کے اچانک داخل ہونے سے سڑکیں بلاک ہو جاتی ہیں، جس سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں بلکہ اسکول و کالج جانے والے طلباء کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ رش کے وقت ان گاڑیوں کا لوڈ اْتارنا بازار میں افراتفری، ہنگامہ آرائی اور ٹریفک کے مکمل تعطل کا سبب بنتا ہے۔شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی گاڑیاں بازار کی تنگ گلیوں میں گزر کر آس پاس کی دکانوں اور عام راہ گیروں کے لئے خطرہ بن جاتی ہیں۔ کئی بار معمولی حادثات اور گرنے پھسلنے کے واقعات بھی پیش آ چکے ہیں، مگر تاحال انتظامیہ کی جانب سے کوئی جامع حکمت عملی سامنے نہیں آئی۔علاقہ مکینوں نے ضلع انتظامیہ اور ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ بھاری مال بردار گاڑیوں کے داخلے پر فوری پابندی عائد کی جائے اور واضح حکم نامہ جاری کیا جائے کہ 10بجے صبح سے 4بجے شام تک کسی بھی بھاری گاڑی کو پونچھ بازار میں داخل ہونے یا سامان اتارنے کی اجازت نہ دی جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ منظم ٹریفک سسٹم نہ صرف بازار کی رونق اور کاروباری سرگرمیوں کے لئے اہم ہے بلکہ عوامی سلامتی کے تقاضوں کی بھی تکمیل کرتا ہے۔عوامی حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر انتظامیہ نے بروقت فیصلہ نہ لیا تو شہر کے مرکزی بازار میں صورتِ حال مزید خراب ہو سکتی ہے، جس کی ذمہ داری متعلقہ محکموں پر عائد ہوگی۔