۔100سے زائد رہائشی ڈھانچے تباہ،60سے زیادہ گاڑیاں بہہ گئیں، 14افراد کو بچالیا گیا
سمت بھارگو
راجوری // جموں و کشمیر کے جڑواں سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوری میں اتوار کو طوفانی بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کی وجہ سے کم از کم 11 افراد ہلاک اور 8 دیگر لاپتہ ہو گئے۔اس دوران100سے زائد رہائشی و تعمیراتی ڈھانچے منہدمہوگئے جبکہ60سے زیادہ گاڑیاں سیلابی پانی میں بہہ گئیں اور پانی کے ریلوں سے کئی پل اور سڑکیں ڈھہ گئیں۔حکام نے بتایا کہ سب سے زیادہ تباہی پونچھ ضلع کی تحصیل سرنکوٹ میں ہوئی، جہاں زیادہ تر ہلاکتیں ہوئیں، جب کہ ریسکیو ٹیمیں مسلسل بارش اور تباہ شدہ سڑکوں کے درمیان لاپتہ افراد کا سراغ لگانے کیلئے کارروائیاں کررہی ہیں۔
سرنکوٹ
حکام نے بتایا کہ اتوار کی علی الصبح سرنکوٹ پونچھ کے لوئر مرہ گائوں میں ایک مکان طوفانی بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آیا، جس سے مکان میں موجود تمام8 اہل خانہ ملبے تلے دب گئے۔حکام نے بتایا کہ ایک دو سالہ لڑکے صوفیان یاسر سمیت پانچ افراد کی لاشیں ملبے سے نکال لی گئی ہیں، باقی لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ سانگلہ گائوں میں سیلاب سے ان کا گھر بہہ جانے کے بعد ایک اور خاندان کے چار افراد لاپتہ ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ لاپتہ افراد میں عبدالحمید، ان کی اہلیہ شریفہ بیگم، بیٹی اریبہ اور بہن منیرہ بیگم شامل ہیں۔نون بندی گائوں میں مکان گرنے سے 28 سالہ خاتون نازیہ کوثر جاں بحق ہو گئی۔ حکام نے بتایا کہ اس کے شوہر، محمد حافظ، اور تین بچوں کو، جن کی عمریں دو سے چھ سال کے درمیان ہیں، کو زخمی حالت میں بچا لیا گیا اور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔شاہ زیب احمد (22) اس وقت جان کی بازی ہار گیا جب اس کا گھر سنگلانی-سرنکوٹ میں گر گیا، جب کہ ایک نابالغ لڑکی جس کی شناخت ارم کے نام سے ہوئی، مرہوٹ کے مقام پر ندی میں ڈوب گئی۔ حکام نے بتایا کہ دھندک لتھونگ پل کے قریب ایک ندی سے ایک خاتون کی نامعلوم لاش بھی نکالی گئی۔حکام نے بتایا کہ پونچھ ضلع کی تحصیل حویلی میں تقریبا نصف درجن مکانات گرنے سے ایک شخص ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
راجوری
حکام کا کہنا ہے کہ ایک خاتون پنکی دیوی (50)، راجوری قصبہ کے کچی آبادی والے علاقے میں رہنے والی صبح 4 بجے کے قریب بہہ گئی اور بعد میں اس کی لاش نکالی گئی۔نوشہرہ پوٹھہ گائوں میں ایک شخص کی نامعلوم لاش ندی میں دیکھی گئی لیکن لاش دریا کے بیچ میں ایک بڑی چٹان پر پڑی ہونے کی وجہ سے ابھی تک برآمد نہیں ہوسکی ہے۔مزید برآں، راجوری ضلع میں دو سے تین اور لوگوں کے لاپتہ ہونے کا خدشہ ہے، جن میں راجوری کے ملک مارکیٹ علاقے کے دو لڑکے اور تھانہ منڈی کا ایک جل شکتی محکمہ کا ملازم شامل ہے جو کل رات واٹر پمپنگ اسٹیشن میں موجود تھا اور بہہ گیا۔لینڈ سلائیڈنگ کے واقعہ میں زخمی ہونے کے بعد دو افراد کو بھی راجوری کے سول ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔راجوری کے تھانہ منڈی کے چرونگ میں سیلابی ندی کے کنارے پھنسے پندرہ افراد کو صبح کے وقت بچایا گیا اور اس کے بعد ایک شوہر بیٹی جوڑی کو راجوری کے ایٹی فتح پور علاقے سے بچایا گیا۔اسی طرح، راجوری کے ڈھنگری میں سیلابی ندی میں پھنسے دو نوجوان لڑکوں کو ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں نے بچایا جبکہ ایک شخص کو نوشہرہ میں بھی ایس ڈی آر ایف نے بچایا۔
گھر بہہ گئے
راجوری قصبہ می آنے والے سیلاب کی وجہ سے متعدد خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔ سیلابی پانی میں ایک سو سے زائد کچی بستیاں بہہ گئی ہیں جبکہ گجر منڈی اور عبداللہ پل اسٹریچ میں ندی کے کنارے بنے کئی مکانات اور دکانیں تباہ ہوگئے ہیں۔حکام نے راجوری بوائز ہائر سیکنڈری اسکول میں ایک امدادی مرکز بھی قائم کیا ہے جہاں بے گھر خاندانوں کو رکھنے کے لیے ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔ فی الحال تقریباً 165 خاندانوں کی ریلیف سنٹر میں منتقلی کے لیے اسکریننگ کی گئی ہے جن میں سے 25 خاندان اور 130 افراد پہلے ہی مرکز میں پہنچ چکے ہیں اور باقی کو منتقل کیا جا رہا ہے۔
گاڑیاں بہہ گئیں
راجوری اور پونچھ میں سیلاب سے سینکڑوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔راجوری میں، تقریبا ًچالیس گاڑیاں، جن میں زیادہ تر کاریں، بیلہ کے مین بس سٹینڈ میں کھڑی ہیں، بس سٹینڈ کے ایک کونے میں ڈھیر ہو گئی ہیں۔مزید برآں درجنوں گاڑیاں جن کی تعداد ابھی تک واضح نہیں ہے، لاپتہ ہیں اور مبینہ طور پر سیلاب میں بہہ گئی ہیں ۔یہ گاڑیاں بس اسٹینڈ میں کھڑی تھیں لیکن ان کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ تمام گاڑیاں پانی میںبہہ گئی ہیں جیسا کہ سیلاب کے وقت بھی دیکھا گیا تھا اور کچھ گاڑیاں نیچے کی طرف دریا کے کناروں پر پھنسی ہوئی بھی دیکھی گئیں۔پونچھ میں ایک درجن کے قریب گاڑیاں یا تو تباہ ہوئیں اور کچھ سیلاب میں بہہ گئیں۔حکام کا کہنا ہے کہ ان گاڑیوں کی صحیح تعداد نقصان کی تفصیلی تشخیص کے بعد ہی واضح ہو سکے گی جس میں کچھ وقت لگے گا۔
14 لوگوں کو بچا لیا گیا
14 لوگوں کو اتوار کے روز جموں اور راجوری اضلاع میں تیز بارش اور سیلاب کی وجہ سے متعدد مقامات پر پھنسے ہوئے ندیوں سے بچایا گیا۔جموں میں پیر کھو مندر کے قریب دریائے توی سے تین افراد کو بچایا گیا، وہ نہارہے تھے جب پانی کی سطح اچانک بلند ہو گئی۔ پولیس اور (SDRF) اہلکاروں نے آپریشن کیا اور کئی گھنٹوں کے بعد تینوں رندیپ سنگھ اور منیش شرما اور بہار کے وکاس کمار کو محفوظ مقام پر پہنچایا۔راجوری ضلع میں فوج، پولیس، ایس ڈی آر ایف اور سول انتظامیہ کی ٹیموں نے دو مقامات پر سیلاب میں پھنسے 11 لوگوں کو بچایا۔تھانہ منڈی کے گائوں چوورونگ کے قریب سیلابی ندی میں پھنسے ہوئے پانچ بچوں سمیت نو افراد کو نکال لیا گیا، جبکہ دھنگری کے قریب نوشہرہ توی میں دریا کے جزیرے سے دو نوجوانوں کو بچا لیا گیا۔فوج کی وائٹ نائٹ کور نے کہا کہ اس کے دستوں نے ایس ڈی آر ایف اور سول انتظامیہ کے ساتھ مل کرمشکل حالات کے باوجود متعدد امدادی کارروائیاں کیں، اس بات کو یقینی بنایا کہ تمام 11 شہریوں کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
بگلیہار اور سلال پاور پروجیکٹ بند
جموں و کشمیر میں بجلی بحران پیدا ہونیکا خطرہ
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل)نے اتوار کو کہا کہ جموں و کشمیر کو اگلے چند دنوں میں بجلی کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ دو بڑے ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹوں کے بیک وقت بند ہونے سے بجلی کا ایک بڑا خسارہ پیدا ہوا ہے۔ ایک عوامی ایڈوائزری میں، کے پی ڈی سی ایل نے کہا کہ بگلیہار ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ میں فلشنگ آپریشنز اتوار کی رات 10 بجے شروع ہوں گے، جس کے لیے چار سے پانچ دنوں تک پروجیکٹ کو مکمل طور پر بند کرنا ہوگا۔ کارپوریشن نے کہا کہ پروجیکٹ سے پیداوار 3 بجے سے بتدریج کم ہو جائے گی، پلانٹ کو شام 7:30 بجے تک مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ سلال ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ پہلے ہی 18 جولائی سے 10 دن کے منصوبہ بند مینٹیننس شٹ ڈائون کے لیے بند ہے، جس سے یونین ٹیریٹری میں بجلی کی دستیابی مزید متاثر ہو رہی ہے۔کے پی ڈی سی ایل نے کہا کہ دو اہم ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹس کے بیک وقت بند ہونے سے جموں و کشمیر میں گرمی کی اونچی طلب کی مدت کے دوران تقریباً 1,000 میگاواٹ بجلی کا شارٹ فال پیدا ہوسکتا ہے، جب کہ وادی کی بجلی کا کافی حصہ بگلیہار اور سلال سے فراہم کیا جاتا ہے۔پاور یوٹیلیٹی نے کہا کہ پاور ایکسچینج سے قلیل مدتی خریداری کے ذریعے بجلی حاصل کرکے اثرات کو کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ تاہم، اس نے خبردار کیا کہ کسی بھی باقی ماندہ خسارے کو جبری بجلی کی کٹوتیوں کے ذریعے سنبھالنا پڑ سکتا ہے۔