پونچھ /سرنکوٹ/تھنہ منڈی//پونچھ ،سرنکوٹ اورتھنہ منڈی کے ڈگری کالجوںمیں ایڈز پر بیداری پروگرام کا انعقاد کیاگیا۔ریڈ ربن کلب اور گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ کے شعبہ این ایس ایس کے اشتراک سے کالج کے پرنسپل سید مسرف حسین شاہ کی زیر نگرانی کالج کے کانفرنس ہال میں عالمی یوم ایڈز کی مناسبت سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔اس موقعہ پر ڈاکٹر شمیم احمد بانڈے نے ایڈز کے متعلق جانکاری فراہم کی اور اس موذی مرض کے اسباب بھی بیان کئے۔طلباء نے بھی ایڈز کی روک تھام پر اپنے مقالے پیش کرتے ہوئے حفاظتی تدابیر پر روشنی ڈالی۔ ریڈربن اور این ایس ایس افسر پروفیسر خادم حسین چوہدری نے اختتامی کلمات پیش کرتے ہوئے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اس دوران یوم عالمی ایڈز کی مناسبت سے مضمون نویسی اور مذاکرے کے مقابلہ جات بھی ہوئے جن میں جیت حاصل کرنے والوں کو انعام سے نوازاگیا۔دریں اثناء ربن کلب گورنمنٹ ڈگری کالج سرنکوٹ نے اسی مناسبت سے جموں و کشمیر ایڈز کنٹرول سوسائٹی کے اشتراک سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا۔پروگرام میں پندرہ طلباء وطالبات نے حصہ لیا اور ایڈز کے متعلق جانکاری دی۔اس کے علاوہ کالج پرنسپل پروفیسر تیجندر سنگھ نے بھی خطاب کرتے ہوئے ایڈز کے متعلق تفصیلی جانکاری فراہم کی۔بعد ازآںکالج کے طلباء وطالبات نے کالج کیمپس سے سرنکوٹ بس سٹینڈ تک ریلی نکالی ۔اسی طرح سے تھنہ منڈی کے گورنمنٹ ڈگری کالج میں بھی ایک تقریب منعقد ہوئی جس کا انعقاد ریڈ ربن کلب نے جموں وکشمیر سٹیٹ ایڈز کنٹرول سوسائٹی کے اشتراک سے کیا ۔اس پروگرام کی صدارت کالج پرنسپل ڈاکٹر شکیل احمد رینہ نے کی جنہوںنے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیاکہ ایڈز کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جانکاری عام کی جائے تاکہ لوگ اس بیماری سے بچ سکیں ۔پروفیسر اقبال گل اور پروفیسر اشفاق نے تفصیلات سے ایڈز کے بارے میں روشنی ڈالی ۔اس موقعہ پر پروفیسر سلیم ایاز راتھر ، ڈاکٹر خالد ریاض ، ڈاکٹر نعیم النساء ، ڈاکٹر ارون شرما، پروفیسر مقدس کریم ، ڈاکٹر پونم ، پروفیسر فاطمہ و دیگر عملہ اور طلباء بھی موجود تھے ۔