مینڈھر //جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے بیوپار منڈل مینڈھر کے اراکین کیساتھ ایک اجلاس منعقد کیا گیا ۔ایس ڈی پی او مینڈھر سید ظہیر عباس جعفری کی قیادت میں منعقدہ اجلاس میں متعدد اراکین نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر ایس ڈی پی او نے کہاکہ کووڈ کی دوسری لہر اس وقت شدت اختیار کرنا شروع ہو گئی ہے جبکہ عام لوگوں کو چاہئے کہ وہ وائرس کے مزید پھیلائو کو کم کرنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔انہوں نے بیو پار منڈل اراکین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ضلع انتظامیہ پونچھ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے تحت ہی تجارتی مراکز کو کھولیں ۔انہوں نے کہاکہ حالانکہ مینڈھر قصبہ میونسپل حدود میں نہیں آتا تاہم اس کے باوجود کووڈ کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے دکانیں انتظامیہ کے حکم کے تحت ہی کھولیں ۔انہوں نے کہاکہ دکانداروں کوچائیے کہ وہ ماسک و دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کریں ۔بیو پار منڈل اراکین نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ وہ وائرس کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے انتظامیہ کیساتھ مکمل تعاون کریں گے ۔