مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کی نکہ منجہاڑی لوہر پنچایت میں پانی ،بجلی اور سڑک جیسی بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگ کئی طرح کے مسائل میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔مکینوں نے ضلع انتظامیہ اور متعدد محکموں کے اعلیٰ آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پنچایت میں اکثر مقامات پر بجلی کی سپلائی صرف لکڑی کے کھمبوں اور سبز درختوں کی وجہ سے ممکن بنائی گئی ہے جبکہ بجلی کے پختہ کھمبے ہی فراہم نہیں کئے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کئی ایک وارڈوں میں محکمہ کی جانب سے بجلی کی ترسیلی لائنیں تاریں سنگل کر کے ہی ممکن بنائی گئی ہے جبکہ ماہانہ کرایہ اصول کے تحت ہی وصول کیا جارہا ہے ۔مقامی سرپنچ نے بتایا کہ لوہر نکہ منجہاڑی پنچایت میں انتظامیہ سے متعدد مرتبہ رجو ع کرنے کے باوجود بھی سہولیات فراہم ہی نہیں کی گئی ہیں ۔سرپنچ موصوف نے بتایا کہ اس مشکل وقت میں لوگوں کو جہاں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے وہائیں بجلی کی ترسیلی لائنیں ان کیلئے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پنچایت میں مکینوں کیلئے سڑک جیسی سہولیات بھی دستیاب نہیں ہیں ۔مکینوں و پنچایتی اراکین نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔