پنجاب پولیس کے ہاتھوں پونچھ کاشہری گرفتار ۔5کلو گرام منشیات بھی ضبط،نارکو ٹیرر گینگ کا شبہ

سمیت بھارگو
راجوری//ضلع پونچھ کے سرحدی گاؤں سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو پنجاب پولیس نے مشتبہ منشیات کی کھیپ کے ساتھ حراست میں لیا ہے۔حکام نے بتایا کہ پہلے سے درج ایک کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں پنجاب سے پولیس کی ایک ٹیم پونچھ پہنچی۔حکام نے بتایا’’پنجاب پولیس کی ٹیم نے مقامی پولیس کی مدد سے پونچھ کے سرحدی گاؤں کیرنی سے ایک شخص کو روکا اور اس کے قبضہ سے5 کلو گرام مشتبہ منشیات کی کھیپ برآمد کی گئی ہے‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جس شخص کو پولیس نے حراست میں لیا ہے وہ ایل او سی کے سرحدی گاؤں کٹنی کا رہائشی ہے اور شبہ ہے کہ یہ سب منشیات ایل او سی کراس اسمگلنگ کا حصہ ہے۔ایس ایس پی پونچھ روہت بسکوترا نے کہا کہ اس شخص کو پنجاب پولیس نے مقامی پولیس کی مدد سے حراست میں لیا ہے اور بازیابی کے بارے میں تفصیلات صرف پنجاب پولیس ہی بتا سکتی ہے کیونکہ معاملہ پنجاب پولیس کے زیر تفتیش ہے۔