پلوامہ// ضلع پلوامہ کے ہسپتال میں کورونا وائرس میں مبتلا6مریضوں کی موت واقع ہوئی ہے ۔جاں بحق ہونے والے افراد میں 4 خواتین اور2 مرد شامل ہیں ۔سنیچر کوجب ان ہلاکتوں کے حوالے سے خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو لوگوں میں زبردست خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے ۔اسپتال ذرائع نے بتایاکہ لقمہ اجل بنے والے سبھی متوفین کی عمر اوسطاً60برس ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ چارخواتین سمیت جن چھ مریضوں کی موت ہوئی ہے ،اُن کاتعلق ضلع پلوامہ کے راجپورہ،ووئین پانپور، چرسو اور ڈانگرپورہ سے تھا۔انہوں نے بتایاکہ کچھ فوت ہوئے مریض کاکوروناٹیسٹ پہلے ہی مثبت آگیاتھا جبکہ کچھ فوت شدگان کے نمونوں کوبعدازمرگ مثبت پایاگیا ۔اس حوالے سے پلوامہ کووڈ کنڑول روم نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دراصل یہ ہلاکتیں ایک ہی دن میں نہیں ہوئی ہیں بلکہ یہ ہلاکتیں پچھلے کئی روز سے ہوئی ہیں جن کو عید کی وجہ سے اپڈیٹ نہیں کیا گیا تھا ۔انہوں نے کہایہاں ضلع میں چند روز کے دوران پانچ ہلاکتیں ہوئی جبکہ ایک خاتون جو ضلع سے ہی تعلق رکھتی ہے ،شوپیان ہسپتال میں لقمہ اجل بن گئی ہے ۔انہوں نے بتایا ضلع میں اس وقت26سو سے زیادہ افراد وائرس میں مبتلا ہیں ۔