جموں// (یو این آئی) کشتواڑ پولیس نے ایک پاگل کتے کو مارنے پر ایک پولیس اہلکار کے خلاف انکوائری کے احکامات صادر کئے ہیں۔بتا دیں کہ ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں ایک پولیس اہلکار کو ایک کتے کو ڈنڈے سے مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور ایک دوسرے آدمی کو کتے پر کچھ چھڑکتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے ۔اس ویڈیو کو جانوروں کو پسند کرنے والوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا اور مرتکبین کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔یہ واقع قصبہ کشتواڑ کے قلب میں پیش آیا ہے ۔ایس ایس پی کشتواڑ شفقت بٹ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ یہ ایک پاگل کتا تھا لیکن اس کے باوجود بھی ہم اس معاملے میں انکوائری کر رہے ہیں۔جانوروں کے ساتھ محبت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار کی یہ حرکت جانوروں کے ساتھ ظلم کرنے کے زمرے میں آتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگرچہ پولیس نے اس ضمن میں انکوائری کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں لیکن پولیس اہلکار کی شناخت ابھی نہیں ہو سکی ہے ۔جانوروں کو پسند کرنے والی پرگتی کھنہ نے مرتکبین کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’’'یہ ویڈیو کشتواڑ کا ہے جہاں ایک پولیس افسر نے ایک کتے کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا مہربانی کر کے اس کے خلاف فوری کارروائی کریں اس کے خلاف ایف آئی آر درج کریں، اس کو گرفتار کر کے معطل کریں۔رپورٹس کے مطابق پولیس اہلکار اور کچھ لوگوں کے ہاتھوں مارے جانے سے قبل اس پاگل کتے نے قصبے میں دہشت پھیلا رکھی تھی اور کم سے کم سات افراد کو کاٹا تھا۔
۔۔۔۔