جموں //نو منتخب نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے سرحدوں پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرنا اب معمول بن گیا ہے لیکن بھارتی فوج خاموش نہیں بیٹھی ہے بلکہ اپنا کام بخوبی کررہی ہے۔ کویندر گپتا نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز یہاں ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے کپواڑہ کے ٹنگڈار سیکٹر میں کی گئی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر کہا ’پاکستان کی طرف سے وقت وقت پر ایسی حرکتیں ہوتی ہیں، لیکن اُس کو منہ توڑ جواب دیا جاتا ہے۔ میرا ماننا ہے کہ فوج اپنا کام کررہی ہے‘۔ نائب وزیر اعلیٰ نے 28 جون سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا کے سیکورٹی انتظامات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا ’جلد ہی سیکورٹی کا جائزہ لینے کے لئے میٹنگ بلائی جائے گی۔ یہاں آنے والے یاتری محفوظ طور پر واپس جائیں، یہ ہماری کوشش رہے گی‘۔ انہوں نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں گذشتہ روز سکول بس پر پیش آئے پتھراؤ کے واقعہ پر کہا ’جو غلط کام کرے گا اس کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا‘۔ کویندر گپتا نے موجودہ مرکزی سرکار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ’بی جے پی نے مرکز میں ایک ایسی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس کو آنے والی کئی نسلیں یاد رکھیں گی۔ بھارت کا قد پوری دنیا میں بلند ہوا ہے۔ یہ طے ہے کہ آنے والے وقت اب بھارت کا ہے‘۔ نائب وزیر اعلیٰ نے نیشنل کانفرنس لیڈر اور ممبراسمبلی مینڈھر (پونچھ) جاوید احمد رانا کے بیان کہ ’کشمیر میں پتھرباز وزیر اعظم نریندر مودی ، اُن کی جماعت اور آر ایس ایس کی پیداوار ہیں‘ پر اپنے ردعمل میں کہا ’آر ایس ایس ایک سب سے بڑی دیش بھکت جماعت ہے۔ یہ سب جانتے ہیں‘۔ یو این آئی