پونچھ//منڈی کے گائوں فتح پور، ترچھل اور دھڑہ کے مرد و زن نے پانی کی قلت پر محکمہ پی ایچ ای کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ اس دوران مظاہرین نے مقامی سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے اسے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیا اور محکمہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ احتجاج کے دوران گائوں کی خواتین گھروں کے خالی برتن لیکر سڑک پر اتر آئیں اورانہوںنے محکمہ کے ملازمین کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے ان پر ڈیوٹی کے تئیں لاپرواہی برتنے کا الزام عائد کیا ۔ان کاکہناتھاکہ پانی کی شدید قلت کا سامناکرناپڑرہاہے اور ان کا پورا دن پانی لانے میںہی بیت جاتاہے ۔انہوں نے کہا کہ کپڑے دھونے اور نہانے کی بات تو دور،انہیں پینے کیلئے بھی آسانی سے پانی نہیں مل پاتا۔خواتین نے الزام لگایا کہ محکمہ پی ایچ ای کی جانب سے پانی کی لفٹ سکیم کا صرف افتتاح کیاگیاہے لیکن اس سے انہیں سپلائی نہیں ہورہی ۔مقامی لوگوںنے کہاکہ سپلائی میں بہتری لائی جائے نہیںتو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریںگے ۔