مینڈھر//ہرنی قصبہ کے لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای پر گندہ پانی سپلائی کرنے کا الزام عائد کیاہے ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ انہیں ایک ایسے ٹینک سے پانی سپلائی کیاجارہاہے جس پر چھت نہیں اور اس میں کئی چھوٹے چھوٹے جانور مردہ پائے جاتے ہیں۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ اس حوالے سے انہوں نے متعلقہ افسران سے شکایت کی اورٹینک پر چھت ڈالنے اوراس کی صفائی کروانے کی اپیل کی تاہم کوئی اقدام نہیں کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے یہاں تک کہاکہ محکمہ انہیں مزدور فراہم کرے اور وہ خود پیسے خرچ کرکے صفائی کروائیں گے کیونکہ گندہ پانی پینے سے بیماریاں پھوٹ پڑنے کا اندیشہ ہے لیکن محکمہ نے یہ کام بھی نہیں کیا اور مزدور نہیں دیئے۔ان کاکہناہے کہ فوری طور ٹینک کی صفائی کروا کر اس پر لینٹر ڈالاجائے تاکہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم ہوسکے اور وہ بیماریوں کا شکار نہ ہوں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹینک کاکام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے جنہوں نے اس قدر غیر معیاری میٹریل کا استعمال کیا کہ لینٹر بہت جلد گر گیا اور ٹینک چھت کے بغیر پڑاہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ انہیں گندہ پانی سپلائی نہ کرے اور ٹینک کی صفائی کو یقینی بنایاجائے نہیں تو وہ احتجاج کی راہ اختیار کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔ رابطہ کرنے پر محکمہ پی ایچ ای کے ایگزیکٹو انجینئر پونچھ نے بتایاکہ انہوں نے ملازمین کو ہدایت دی ہے کہ فوری طور پر سامان لیکر ٹینک پر لینٹر ڈالاجائے اور اس کی صفائی کرکے لوگوں کو صاف پانی سپلائی کیاجائے ۔