سرینگر //ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے وادی کے تمام اضلاع میں آر ٹی پی سی آر ٹیسٹوں کو بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔ جمعرات کو جاری کئے گئے ایک حکم نامہ زیر نمبر DHSK/NHM/DD(HQ) Covid-19/2021-22/1334-1417 میں کہا گیا ہے کہ روزانہ کئے گئے کورونا ٹیسٹنگ کا مشاہدہ کرنے کے بعد یہ بات معلوم ہوئی ہے کہ تمام اضلاع میں مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری کئے گئے قوائد و ضوابط میں مقررہ تعداد سے کم ٹیسٹ ہورہے ہیں۔ اس معاملے کو اعلیٰ حکام نے کافی سنجیدگی سے لیا ہے اسلئے تمام چیف میڈیکل آفیسران، میڈیکل سپر انٹنڈنٹوں اوربلاک میڈیکل آفیسران کو ہدایت دی جاتی ہے کہ اپنے اپنے اضلاع میں آر ٹی پی سی آر ٹیسٹوں کی شرح بڑھائیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت کے دوران محکمہ صحت و طبی تعلیم نے تمام لیبارٹریوں کا بوجھ کم کرنے کیلئے غیر ضروری آر ٹی پی سی آر ٹیسٹنگ سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی تھی ۔ وادی کے ہر ضلع میں روزانہ 650افراد کو آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی لیکن اوسط ہر ضلع میں صرف 500آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ ہی ممکن ہو پارہے ہیں۔