عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری کے قریب ٹنڈوال کے مقام پر قومی شاہراہ پر پیش آنے والے بار بار حادثات کے باعث مقامی لوگوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت اور متعلقہ محکمہ جات سے مطالبہ کیا ہے کہ اس حساس مقام پر فوری طور پر حفاظتی بیریئر نصب کیے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔مقامی افراد کے مطابق اس مقام پر ماضی میں کئی سڑک حادثات پیش آ چکے ہیں، جن میں متعدد افراد زخمی اور بعض اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کا یہ حصہ خطرناک موڑ پر واقع ہے، جہاں حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث حادثات کا خطرہ ہر وقت منڈلاتا رہتا ہے۔شہریوں نے بتایا کہ خاص طور پر رات کے وقت اور خراب موسم میں یہاں سے گزرنا انتہائی خطرناک ہو جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت حفاظتی بیریئر نصب کیے جائیں تو حادثات کی شرح میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔عوامی نمائندوں اور سماجی کارکنوں نے بھی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیا جائے اور جلد از جلد ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔مقامی لوگوں نے امید ظاہر کی ہے کہ حکام ان کے مطالبے پر فوری توجہ دیتے ہوئے ٹنڈوال کے مقام پر حفاظتی بیریئر نصب کریں گے تاکہ مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔