سرینگر//ڈی پی ایس سرینگر کے اریب عمران کو’’ ٹاپ پرفارمر انڈیا 2021 ‘‘کے ایوارڈسے نوازا گیا ہے۔ اریب نے اپنی پہلی کوشش میں 1540اسکور کیا۔اپنی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں ہندوستان اور بیرون ملک کی بہترین یونیورسٹیوں کی طرف سے مکمل اسکالرشپ کی پیش کش کی گئی ہے۔ دہلی پبلک اسکول سرینگر وادی کا پہلا اسکول ہے جو ہندوستان اور بیرون ملک یونیورسٹیوں میں داخلے کے خواہشمند تمام طلبا کو SAT کی مفت رہنمائی فراہم کرتا ہے۔وائس پرنسپل شفق افشاں نے طالب علم کی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پوری وادی کے لئے بڑے فخر کی بات ہے کہ ہمارے نوجوان طلباء دنیا میں اپنے لئے ایک امتیازی نشان بنا رہے ہیں۔ میں اریب کو دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔چیئرمین ڈی پی ایس سرینگر وجے دھر نے بھی طالب علم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ "یہ ہمارے لئے بڑے فخر کی بات ہے کہ ایس اے ٹی کے امتحانات نے ریاست کے بچوں کے لئے مواقع کے دروازے کھول دئے ہیں اور انہیں ہر شعبے میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں مدد ملے گی‘‘۔