عظمیٰ نیوزسرو س
جموں // جموں کے کٹرا میں تریکوٹہ پہاڑیوں کے درمیان واقع ویشنو دیوی مندر پر آئے روز عقیدت مندوں کے بڑھتے رش کے بیچ حکام کا کہنا ہے کہ امسال ابھی تک 23لاکھ 5ہزار زائرین مندر حاضری دے چکے ہیں ۔سال رواں میں آج تک 23لاکھ 5ہزار یاتریوں نے کٹرا میں تریکوٹہ پہاڑیوں کے درمیان واقع ماتا ویشنو دیوی کے مقدس مندر پر حاضری دی ہے ۔ جس میں پچھلے دوبرسوں کے مقابلے میں تقریباً 1.5 لاکھ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ (ایس ایم وی ڈی ایس بی) کے سی ای او سچن کمار ویشیا نے مندر کے بیس کیمپ کٹرا میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس سال اب تک 23.5 لاکھ یاتریوں نے مندر کا دورہ کیا، جو سال 2024 اور سال 2025 کے دوران اسی مدت کیلئے 1.5 لاکھ سے زیادہ ہے۔انہوں نے کہا ”ہمیں مکمل یقین ہے کہ یاتریوںکی تعداد میں اضافہ ہوتا رہے گا۔ بورڈ لوگوں سے مندر کی زیارت کرنے کی بھی اپیل کرتا ہے۔ “ ویشیا نے کہا کہ ہر سال شرائن بورڈ عقیدت مندوں کیلئے سہولیات کو بہتر بناتا ہے تاکہ یاتری بہتر تجربے کے ساتھ واپس آئیں۔انہوںنے کہا ”دیوی بھون میں قیام کی گنجائش میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اسکائی واک کام کر رہا ہے اور باہر نکلنے کا راستہ بنایا جا رہا ہے۔ “ ایس ایم وی ڈی ایس بی کے سی ای او نے کہا کہ شرائن بورڈ مختلف شعبوں میں مقامی کھلاڑیوں کی بھی مدد کر رہا ہے اور حال ہی میں پائل نے دو گولڈ میڈل جیتے ہیں جبکہ شیتل دیوی اور راکیش کمار نے بھی اپنے نام کیے ہیں۔انہوں نے کہا ” میں نے زور دیا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو افتتاح کا انتظار نہیں کرنا چاہئے‘‘۔ انہوں نے کہا، انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ روایات کا احترام کرتے ہیں“۔