جموں//ماتاویشنودیوی شرائن بورڈ کی جانب سے موسم گرماکے دوران یاتریوں کی آمدمیں رش سے نمٹنے اوریاتریوں کوبہترسہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام ترانتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بھون۔بھیروگھاٹی کیبل کار پروجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جسے اگلے ہفتے تجرباتی طورپرشروع کیاجائے گا جبکہ بال گنگاسے ادھ کنواری تک کاپیدل راستہ ماہ رواں کے آخرتک آمدورفت کیلئے کھول دیاجائے گا۔ یہ بات شرائین بورڈکے ایڈیشنل سی ای او نے کشمیرعظمیٰ کوبتائی۔انہوں نے کہاکہ کیبل کارکواگلے ماہ تجرباتی طورپرچالوکیاجائے گاجس میں بیک وقت 45 اشخاص سوارہوسکیں گے ،ایک گھنٹے میں 900 یاتری بھیرو مندرتک آسکیں گے جس کے نتیجہ میں 1.5 کلومیٹرکادشوار گذارسفر صرف 14 منٹ میں طے ہوسکے گا۔ اس سہولت کی بدولت بھی اضافہ ہوگا۔ یہاں یہ بات قابل ذکرہے کہ سال رواں کے پہلے چارمہینوں کے دوران 24.14 لاکھ یاتری شری ماتاویشنودیوی کے درشن کرچکے ہیں۔