جموں//گورنر کے صلاح کار کے وِجے کمار نے کوٹ بلوال سینٹرل جیل کا دورہ کیا اور وہاں جیل حکام کی طرف سے قیدیوں کے لئے سیکورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈی آئی جی پریزنز محمد سلطان لون مشیر موصوف کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران مشیر موصوف نے مختلف بارکوں کا معائینہ کیا اور وہاں مقیم قیدیوں سے بات چیت کی اور جیل حکام کی طرف سے فراہم کی جارہی سہولیات کے بارے میں واقفیت حاصل کی۔ جیل حکام نے سینٹرل جیل کی طر ف سے انجام دی جارہی مختلف سرگرمیوں کے بارے میں مشیر موصوف کا آگاہ کیا۔ انہیں قیدیوں کی طرف سے تیار کئے گئے مختلف مصنوعات کا بھی مشاہدہ کیا۔ دریں اثنا مشیر موصوف نے سینٹرل جیل کے کچن کا بھی معائینہ کیا اور وہاں قیدیوں کے لئے تیار کئے جارہے اشیاء خوردنی کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے جیل حکام پر زور دیاکہ وہ قیدیوں کے لئے معیاری خوراک فراہم کریں۔جیل میں مقیم قیدیوں کے لئے طبی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے مشیر موصوف نے جیل کے احاطے میں قائم ہسپتال کا معائینہ کیا جہاں انہیں مریضوں کے لئے فراہم کی جارہی سہولیات کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔کے ۔ وِجے کمار نے جیل سپرانٹنڈنٹ و دیگر افسران پر زور دیا کہ وہ قیدیوں کی حالت کو بہتر بنانے اضافی کوششیں انجام دیں۔انہوں نے جیل حکام کو یقین دلایا کہ حکومت اُنہیں تمام جائز امداد فراہم کرنے کیلئے وعدہ بند ہے ۔بعدمیں مشیر موصوف نے مٹھی میں تعمیر کئے جارہے جے ڈی اے فلیٹیوں کامعائینہ کیا جہاں جے ڈی اے کے افسران نے انہیںجاری تعمیراتی عمل کے بارے میں روشناس کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ دو مہینوں کے اندر 72 فلیٹوں کی تعمیر مکمل کی جائے گی۔ انہیں مزید بتایاگیا کہ چوبیس فلیٹوں کے 6 ٹاور اور ایک کلب اگلے دو برسوں کے دوران تعمیر کئے جائیں گے ۔دریں اثناایک عوامی وفد مشیر موصوف سے ملاقی ہوا اور انہیں اپنی مطالبات کی فہرست پیش کی۔ مشیر موصوف نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت اُن کے جائز مطالبات معیاد بند طریقے پر پورا کرے گی۔بعد میں مشیر موصوف نے زونل کرائم ہیڈکوارٹرجموں کا دورہ کیا اور اس کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔انہوںنے کرائم برانچ کے افسران سے بات چیت کی اور متعلقہ محکمہ کی کارکردگی کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔آئی جی پی کرائم سید افتا د المجتبیٰ اور کرائم برانچ کے اعلیٰ افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔