جموں//لیفٹنٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن ( ڈبلیو ڈی سی) اور جے اینڈ کے ری ہبلٹیشن کونسل ( جے کے آر سی ) کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ڈبلیو ڈی سی نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے سال 2019-20 کے دوران ایک ہزار خواتین میں 25کروڑ روپے کا قرضہ تقسیم کیا تاکہ وہ اس رقم سے اپنے آمدن بخش یونٹ قائم کرسکے۔میٹنگ میں منیجنگ ڈائریکٹر ڈبلیو ڈی سی ناہیدہ سوز و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ کارپوریشن نے اپنے قیام سے اب تک 31؍ مارچ 2019ء تک 16624 مستحقین میں 188کروڑ روپے کا قرضہ تقسیم کیا ۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے فاروق خان نے ڈبلیو ڈی سی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ مختلف سکیموں اور پروگراموں کے ذریعے پچھڑے اور مستحق خواتین کی سماجی و اقتصادی بہتری یقینی بنائی جائے گی۔ مشیر نے یونین ٹریٹری میں خواتین کو ڈبلیو ڈی سی کی سکیموں سے متعلق بیداری پیدا کرنے پر زور دیا تاکہ اِن بہبودی کی سکیموں سے سماج کے کمزور طبقے مستفید ہوں۔اُنہوں نے کارپوریشن کے حکام پر زور دیا کہ وہ خواتین کے لئے مختلف ووکیشنل تربیتی پروگراموں کا انعقاد کریں تاکہ خواہشمند کار خانہ دار وں کو اپنے تجارتی یونٹ کامیابی سے چلانے میں مدد مل سکے۔اِس موقعہ پر ایم ڈی ڈبلیو ڈی سی نے کارپوریشن کی طرف سے عملائے جارہے سکیموں کی تفاصیل پیش کیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ کارپوریشن نے 2166 بیداری کیمپ منعقد کئے اور 758100 خواتین کو مختلف سکیموں کے بارے میں جانکار ی دی گئی۔اس کے علاوہ مارچ 2019 ء تک 25 بڑے کیمپ منعقد کئے گئے ۔اس سے قبل جے کے آر سی کی ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے مشیر موصوف نے بیداری مہمات کے ذریعے مستحقین تک پہنچنے کی ہدایت دی تاکہ اُنہیں جے کے آر سی کی طرف سے چلائی جارہے سکیموں کے بارے میں جانکاری حاصل ہو۔