عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر وقف بورڈ چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے کل سری نگر کے خانیار میں واقع معروف حضرت پیر دستگیر صاحبؒ کی درگاہ پر عوام کے لیے نئی بنیادی سہولیات وقف کیں۔انہوں نے متعدد منصوبوں کا افتتاح کیا جن میں انتظامی بلاک، امام رہائشی کوارٹر اور نئی وضو سہولت شامل ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وقف چیئرپرسن نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں تبدیلی اور جوابدہی کے دور کے دوران اس معروف درگاہ پر بورڈ کی جانب سے متعدد ترقیاتی کام انجام دئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا، ‘‘جب سے ہماری درگاہوں کے انتظام کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیا گیا ہے، تب سے پورے جموں و کشمیر میں ترقی کا دور شروع ہوا ہے۔انہوں نے کہا، ‘‘آج جموں و کشمیر وقف بورڈ وژن اور ترقی کا مترادف بن چکا ہے۔ بعد ازاں ڈاکٹر درخشاں نے انتظامیہ کے نمائندوں کے ساتھ معراجِ عالم کی تیاریوں کے جائزے کے اجلاس کی صدارت کی۔ وقف چیئرپرسن نے معراجِ عالم کے دوران عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں مؤثر خدمات کے لیے ایک روڈ میپ بھی تیار کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ وقف بورڈ عوام کو تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور تمام محکموں کے ساتھ ہم آہنگی اور تعاون کے ساتھ کام کرے گا تاکہ تمام بڑی زیارت گاہوں پر زائرین کے لیے تسلی بخش انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔