چوہان کی یقین دہانی،کہا سیب شعبہ کو ہند۔نیوز ی لینڈ آزاد تجارتی معاہدہ سے متاثر نہیں ہونے دیاجائیگا
عظمیٰ نیوزسروس
نئی دہلی//جموں و کشمیر کے وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، کوآپریٹو اور الیکشن محکمات، جاوید احمد ڈار نے مرکزی وزیر برائے زراعت و کسان بہبود اور دیہی ترقی شیوراج سنگھ چوہان سے ملاقات کی اور مرکزِ انتظامیہ میں زراعت، باغبانی اور دیہی ترقی سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ملاقات کے دوران جاوید ڈار نے مرکزی وزیر کو جموں و کشمیر میں جاری مرکزی معاونت یافتہ سکیموں اور فلیگ شپ پروگراموں کی پیش رفت اور عمل درآمد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے شعبہ جاتی ترجیحات پر روشنی ڈالتے ہوئے زرعی بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی، باغبانی کے فروغ، آبپاشی اور آبی نظم و نسق کی سہولیات میں توسیع، زرعی مشینری کا فروغ، معیاری بیجوں اور دیگر زرعی وسائل کی دستیابی، توسیعی خدمات اور دیہی روزگار کے مواقع میں بہتری پر زور دیا۔وزیر نے بالخصوص راشٹریہ کرشی وکاس یوجنا اور کرشیونتی یوجنا کے تحت دوسری قسط کی جلد اجرائی کی درخواست کی۔ جموں و کشمیر کے منفرد زرعی و موسمی حالات، دشوار گزار جغرافیہ اور حالیہ موسمی چیلنجز کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر نے مرکزی حکومت سے دیہی بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور زرعی بنیاد پر روزگار کے ذرائع کو مضبوط بنانے کے لیے خصوصی توجہ دینے کی اپیل کی۔وزیر نے حال ہی میں طے پانے والے بھارت۔نیوزی لینڈ آزاد تجارتی معاہدے پر بھی بات کی اور اس کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے جموں و کشمیر کے سیب کے کاشتکاروں کے تحفظات مرکزی وزیر کے سامنے رکھے۔مرکزی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ مقامی کسانوں کے مفادات حکومتِ ہند کی اولین ترجیح رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی باغبانی بالخصوص سیب کے شعبے کے تحفظ کے لیے مناسب حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ اجلاس میں اٹھائے گئے تمام امور کا تیزی سے جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں زراعت، باغبانی اور دیہی شعبوں کی مسلسل ترقی کے لیے حکومتِ ہند کی جانب سے ہر ممکن تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔