راجوری//وزیر صحت بالی بھگت سنگھ کی راجوری آمد پر ڈاک بنگلہ میںایک عوامی دربارمنعقد کیاگیاتھاتاہم اس میں عام لوگ تھے ہی نہیں اور بی جے پی ورکر بہت زیادہ تھے ۔اس طرح سے یہ عوامی دربار بھاجپا کا شو بن گیااوراس دوران پارٹی امور ہی زیر بحث آئے ۔اس موقعہ پر ایم ایل سی وبودھ گپتا،وائس چیئرمین پہاڑی ایڈوائزر ی بورڈ کلدیپ راج گپتا کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری ، ایس ایس پی راجوری ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ، چیف میڈیکل افسرراجوری و دیگرافسران بھی موجود تھے تاہم عوامی دربار کے نام پر صرف بھاجپا کارکنان ہی نظر آئے جس پر سیول سوسائٹی نے سخت برہمی کا اظہار کیاہے۔ذرائع کاکہناہے کہ اس موقعہ پرسیول سوسائٹی ارکان کے نام پر شریک ہونے والے تمام لوگ بھاجپا کارکنان اور عہدیداران تھے اور ایک دو لوگ ہی ایسے تھے جن کا تعلق دیگر سیاسی جماعت یا سیول سوسائٹی سے تھے ۔ اس پر سیول سوسائٹی کے ارکان نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو بھی تنقید کانشانہ بنایاہے ۔ سابق سرپنچ اکرم خان نے کہاکہ یہ سیول سوسائٹی کا اجلاس تھا جس میں صرف بھاجپا لیڈران ہی نظر آئے جو حکومت کیلئے افسوسناک بات ہے ۔انہوںنے کہاکہ وہ سیول سوسائٹی کے رکن ہیں اور ہر ایک میٹنگ میں شریک ہوتے ہیں لیکن یہ منفرد میٹنگ تھی جس میں سیول سوسائٹی ارکان کو مدعو ہی نہیں کیاگیا۔ایک اور ممبر پشپندر گپتا کاکہناہے کہ یہ خود ساختہ سیول سوسائٹی کی میٹنگ تھی جسے بھاجپا کا شو ہی کہاجاسکتاہے ۔جب اس سلسلے میں بھاجپا کارکنان سے بات کی گئی تو انہوںنے کوئی جواب نہیں دیا۔ وہیں وزیر صحت نے کہاکہ حکام کو تمام سیول سوسائٹی کو مدعو کرنے کا کہاگیاتھا۔