سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ چیئرمین حکیم محمدیاسین نے نئی دہلی میں وزیر اعظم کی صدارت میں جموں وکشمیر پرہونے والی کل جماعتی میٹنگ سے قبل نریندر مودی کو دو الگ الگ خطوط ای میل کئے جن میں جموں وکشمیر کے لوگوں کے آئینی و انتظامی حقوق بحال کرنے پر زور دیا گیا ۔ حکیم یاسین نے وزیراعظم کے نام مکتوب میں کہا کہ 5اگست2019 کے بعد جموں وکشمیر میں کی گئی مختلف نوعیت کی آئینی و انتظامی تبدیلیاں لوگوں اور عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لئے بغیر من مانے طریقے پر عمل میں لائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئینی و انتظامی تبدیلوں سے جموں وکشمیر کے لوگوں کی خواہشات کو سخت ٹھیس پہنچ گئی ہے۔ مکتوبات میں وزیراعظم پر جموں وکشمیر میں سیاسی ، سماجی اور جمہوری صورتحال کو بحال کرنے کے لئے متعلقہ تعلق داروں کو اعتماد میں لیکر ایک متفقہ رائے قائم کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ مکتوب میں کہا گیاہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ پشتنی باشندہ، اراضی اور نوکریوں کے سلسلے میں آئینی تحفظات چاہتے ہیں۔انہوںنے وزیراعظم پر زور دیا کہ وہ حد بندی کمیشن میں معتبر عوامی نمائندوں کو بھی شامل کریں تاکہ وہ اس ضمن میں لوگوں کے خدشات اور خواہشات کو ایوان کے سامنے بہتر طریقے پر رکھ سکیں۔