جموں//گورنر کے مشیر کے، وجے کمار نے خاطر تواضع اور اسٹیٹس محکمہ کے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا جن پر25.88 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا اندازہ ہے۔ان پروجیکٹوں میں سرکٹ ہاؤس کنال روڈ جموں اور سرکٹ ہاؤس سرینگر میں اضافی بلاک تعمیر کرنا، سٹیٹ گیسٹ ہاؤس جموں کی تعمیر اور غلامی باغ کنال روڈ جموں میں ریاستی ملازمین کے لئے رہایشی سہولیات تعمیر کرنا بھی شامل ہے۔پرنسپل سیکرٹری پلاننگ، اسٹیٹس اور خاطر تواضع روہت کنسل، ڈائریکٹر اسٹیٹس طارق حُسین گنائی، ڈائریکٹر خاطر تواضع طارق احمد زرگر، چیف انجنیئر پی ڈبلیو ڈی، ڈی کے کھنہ، سُپرنٹنڈنگ انجینئر پی ڈبلیو ڈی، این ڈی خواجہ، جوائنٹ ڈائریکٹر خاطر تواضع اور اسٹیٹس و خاطر تواضع محکمہ کے سنیئر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔غلامی باغ کنال روڈ جموں میں مشیر موصوف نے رہایشی سہولیات کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقعہ پر انہیں بتایا گیا کہ یہاں6.57 کنال اراضی پر9.6 کروڑ روپے کی لاگت سے اضافی ہاؤسنگ یونٹ تعمیر کئے جارہے ہیں۔ اس دوران انہوں نے متعلقہ محکمہ کے افسروں کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا۔دریں اثنا مشیر موصوف نے سرکٹ ہاؤس جموں میں اضافی بلاکوں کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔انہیں بتایا گیا کہ ان پروجیکٹوں کی بدولت مہمانوں اور اہم شخصیات کے لئے رہایشی سہولیات کو فروغ حاصل ہوگا۔سرکٹ ہاؤس جموں میں سہولیات کا جائیزہ لینے کے دوران مشیر نے وی آئی پی سوٹس ، کمروں، ڈائننگ ہال اور کچن کا معائنہ کیا۔بعد میں انہوں نے پرنسپل سیکرٹری اور کئی دیگر افسروں کے ہمراہ کنونشن سینٹر جموں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سرکٹ ہاؤس چرچ لین سری نگر میں اضافی بلاک کا ای سنگ بنیاد کیا۔56 کمروں اور30 سوٹس پر مشتمل اس پروجیکٹ پر9 کروڑ روپے صرف کئے جارہے ہیں۔وجے کمار کو بتایا گیا کہ اضافی بلاک کو ایک برس کے اندر مکمل کیا جائے گا اور اس کی بدولت سرکٹ ہاؤس میں اضافی تعداد میں مہمانوں کے لئے رہایشی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
وجے کمار نے چوگان ادہم پورمیںجن۔ وَن میلہ کا افتتاح کیا
ادہم پور//گورنر کے مشیر کے،۔وجے کمار نے سوشل فارسٹری محکمہ کی طرف سے منعقد کئے گئے جن۔ ون میلے کا افتتاح کیا جس میں جموں صوبے کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے900 ترقی پسند کاشتکاروں اور عام لوگوں نے شرکت کی۔کمشنر سیکرٹری جنگلات ایم کے دویدی، پی سی سی ایف سریش چُگ، ایس ایس پی اودہمپور راجیو اوم پرکاش پانڈے، ڈائریکٹر سوئل کنزرویشن پی کے سنگھ اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس بڑے جنگلات میلے میں کسانوں، ماہرین ماحولیات، جنگلات محکمہ کے افسران اور ضلع انتظامیہ کو ایک ہی چھت تلے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کرنے کا موقعہ فراہم ہوا۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ اس طرح کے میلوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ عام لوگوں میں جنگلات اور ماحولیات کی اہمیت کے بارے میں جامع بیداری پیدا کی جاسکے اور کسانوں کو فارسٹری، وائلڈ لائف، ہارٹی کلچر اور زراعت کے شعبۂ میں عملائی جارہی سکیموں سے روشناس کرایا جاسکے۔اس موقعہ پر مختلف محکموں نے کئی سٹال قائم کئے تھے جن میں ان محکموں کے کام کاج کو اُجاگر کیا گیا تھا۔مشیر موصوف نے سوشل فارسٹری محکمہ کی کاوشوں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اس بڑے پروگرام سے عام لوگوں میں جنگلات اور ماحولیات کے سلسلے میں بیداری پیدا کرنے میں کافی مدد ملے گی۔بعد میں مشیر نے کسانوں کے ساتھ بھی بات چیت کی اور اُن کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔وجے کمار نے کسانوں کو یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا اور انہیں ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔