عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر/ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حکومتِ ہند سے اپیل کی ہے کہ بارہمولہ سے رکنِ پارلیمنٹ انجینئر رشید کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنے علیل والد کی تیمارداری کے لئے اجازت دی جائے۔یہ اپیل ان کے والد خضر محمد شیخ کی تشویشناک طبی حالت کے پیش نظر کی گئی ہے، جو اس وقت ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سرینگر میں زیرِ علاج ہیں۔ فاروق عبداللہ نے انجینئر رشید کے والد کی نازک صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات میں ہمدردی اور حساسیت کا مظاہرہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکنِ پارلیمنٹ کو اپنے والد کے پاس رہنے کی اجازت دینا ایک انسانی اور منصفانہ قدم ہوگا، جو وقار اور ہمدردی کے اصولوں سے ہم آہنگ ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومتِ ہند اس اپیل پر فوری اور مثبت غور کرے گی اور ضروری اقدامات عمل میں لائے گی۔