سرینگر//وادی میں رہائش پذیرغیر مقامی ہندوئوں نے اتوار کو رکھشا بندھن کا تہوار منایا۔اس موقعہ پر روایت کے مطابق کوہ سلیمان پر واقع شنکر آچاریہ مندر میں صبح سے ہی سینکڑوں لوگوں کی لائنیں لگ گئیں۔ دیگر مندروں میں بھی خصوصی پوجا پاٹ کا اہتمام کیا گیا۔ رکھشا بندھن بھائی بہن کے متبرک رشتے کے درمیان مضبوط بندھن منانے کا تہوار ہے جہاں بھائی اَپنی بہن کی حفاظت کا عہد کرتا ہے۔رکھشا بندھن کے موقعہ پر بہنیں بھائیوں کی کلائیوں پر راکھی کے دھاگے باندھتی ہیں اور بھائی بہن کے رشتے کے احساسات کو اجاگر کرتی ہیں۔ادھرنیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے رکھشا بندھن کے تہوار پر ہندو برادری کو مبارک بادی پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر مذہب کے تہوار اور بڑے دن صدیوں کی بھائی چارہ فرقہ دارانہ ہم آہنگی اور انسانیت ومساوات کا درس دیتے ہیں اور ہر تہوار کو اپنا تاریخی مقام حاصل رہا ہے۔