وادی اورجموں میں بارشیں موسم 19اگست تک جوں کا توں رہیگا

نیوز ڈیسک

سرینگر //محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 19اگست تک موسم کی صورتحال جوں کی توں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران مجموعی طور پر مطلع ابر آلود رہے گا اور بیچ بیچ میں بوندا باندی یا ہلکی بارش بھی ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ کی جانب سے پہلے ہی اس بات کا امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ 15اگست کی صبح موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے اور عین مطابق پیر کی صبح جموں و کشمیر میں کئی مقامات پر موسلا دھار بارش ہوئی۔

 

بیشترعلاقوں میں وسیع پیمانے پر اعتدال سے لے کر موسلادھار بارش ہوئی، زیادہ تر سرینگر اور دیگر مقامات پر بارش کی وجہ سے کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں جموں ضلع میں 84.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد بٹوٹ 59.0 ملی میٹر، کٹرہ 55.2 ملی میٹر، قاضی گنڈ 37.2 ملی میٹر، بانہال 13.3 ملی میٹر، بھدرواہ 11.7 ملی میٹر، پہلگام و کوکرناگ میں 2.1 ملی میٹر اور 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ گلمرگ میں 0.4 ملی میٹر بارش ہوئی۔اگلے 24 گھنٹوں کی پیشن گوئی کے بارے میں، انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں وسیع پیمانے پر ہلکی سے درمیانی بارش/گرج چمک کی توقع ہے۔ اگلے دو دنوں کے لیے، محکمہ موسمیات نے “کافی وسیع پیمانے پر ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ” بارش کی پیش گوئی کی ہے۔