وائی فائی اور ہاٹ سپاٹ کنکشن اجنبیوں کے ساتھ شیئر نہ کریں:پولیس

ارشاد احمد

سرینگر//جموں و کشمیر پولیس نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اجنبیوں کو وائی فائی یا ہاٹ اسپاٹ کنکشن فراہم نہ کریں کیونکہ اس کا استعمال تخریبی سرگرمیوں کے لیے کیا جا سکتا ہے۔ بڈگام ضلع میں پولیس نے انٹرنیٹ صارفین پر زور دیا کہ وہ وائی فائی یا ہاٹ اسپاٹ کنکشن ایسے لوگوں کے ساتھ شیئر نہ کریں جن سے کوئی واقف نہیں ہے کیونکہ اس سے قانونی کارروائی ہو سکتی ہے۔پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے، ’’مجرم اور تخریبی عناصر ایک دوسرے سے بات چیت کرنے اور تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے لیے وائی فائی اور دوسروں کے ہاٹ سپاٹ کا استعمال کر رہے ہیں۔‘‘ پولیس نے خبردار کیا کہ جو شہری کوتاہی کرتے پائے گئے ان کے ساتھ قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔پولیس بیان میںکے مطابق “تمام انٹرنیٹ صارفین سے یہ بھی درخواست کی جاتی ہے کہ وہ ہاٹ سپاٹ یا وائی فائی کو مضبوط پاس ورڈ کے ساتھ رکھیں اور بار بار پاس ورڈ تبدیل کریں۔”