عوام جھوٹے وعدوں سے ہوشیار رہیں:آزاد

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// ڈی پی اے پی کے چیٔرمین غلام نبی آزاد نے کل عوام پر زور دیا کہ وہ گمراہ کن نعروں اور جھوٹے وعدوں سے ہوشیار رہیں۔ اننت ناگ کے ڈورو میں روڈ شو کے دوران انہوں نے پارلیمنٹ میں علاقائی پارٹیوں کے ممبران پارلیمنٹ کی خاموشی پر سوال اٹھایا، خاص طور پر آرٹیکل 370 کے معاملے پر ۔انہوں نے کہا’’کشمیر کی دو سیاسی جماعتوں کے تقریباً تمام ممبران پارلیمنٹ خاموش رہے، آرٹیکل 370 پر۔ یہ میں ہی تھا جو پارلیمنٹ میں کھڑا ہوا اور اس کے لیے لڑا جبکہ دوسرے خاموش رہے‘‘۔ انہوں نے صرف لوگوں کا استحصال کیا، انہیں گمراہ کیا۔ وہ پارلیمنٹ میں خاموش تھے۔آزاد نے اپنے سیاسی ایجنڈے کی بنیاد کے طور پر ترقی کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کو دہرایا۔ انہوں نے کہا، “میری 50 سال کی سیاست میں، کوئی بھی میری دیانت پر سوال نہیں اٹھا سکتا، میں نے ان کے کام کرنے کے لیے کبھی کسی سے ایک پیسہ بھی نہیں لیا۔آزاد نے جموں و کشمیر کو درپیش فوری چیلنجوں سے نمٹنے پر اپنی کوششیں مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا، “ہماری برادریوں کی ترقی کے لیے جن تبدیلی کی پالیسیوں کی ضرورت ہے، وہ صرف حکومت تشکیل دے کر ہی نافذ کی جا سکتی ہیں‘‘۔اس موقع پر دیگر میں ایڈووکیٹ سلیم پرے امیدوار، ترجمان سلمان نظامی اور دیگر بھی موجود تھے۔