پلوامہ // نیو کالونی پلوامہ میں فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان شبانہ مسلح تصادم آرائی کے دوران لشکر طیبہ کے ایک کمانڈر سمیت 3جنگجوجاں بحق ہوئے۔تصادم آرائی میں2 بھائیوں کے دو رہائشی مکان تباہ ہوئے۔ انتظامیہ نے پلوامہ میں انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کے علاوہ قصبے میں بندشیں عائد کیں۔علاقے میں آپریشن کے دوران پر تشدد جھڑپیں بھی ہوئیں۔
تصادم کیسے شروع ہوا؟
پولیس نے بتایاکہ پلوامہ ٹائون میں نیوہ روڑ پر واقع ضلع اسپتال کے نزدیک ایک پرائیویٹ سکول کے متصل نیو کالونی میںمنگل کی رات اس بات کی مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ یہاں3جنگجوئوں پر مشتمل ایک گروپ چھپا بیٹھا ہے۔پولیس کے مطابق55آر آر اور سی آر پی ایف کے علاوہ پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے رات کے قریب ایک بجے بستی کو گھیرے میں لیااور ممکنہ مقام کے ارد گرد گھیرا تنگ کیا۔رات کے قریب اڑھائی بجے جنگجوئوں نے تلاشی پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر کے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم سخت محاصرے کی وجہ سے وہ کامیاب نہ ہو سکے۔اس موقعہ پر طرفین کے درمیان مسلح تصادم شروع ہوا جوبدھ کی صبح تک جاری رہا ۔ پولیس نے بتایا کہ محاصرے میں پھنسنے والے جنگجوئوں کو صبح خودسپردگی کی پیش کش کی گئی جو انہوں نے مسترد کی ہے جس کے بعد یہاں کئی گھنٹوں تک تصادم آرائی جاری رہی ہے جس دوران 2بھائیوں منظور احمد ملک کا تین منزلہ اورنثار احمد ملک کا ایک منزلہ رہائشی مکان تباہ ہوئے۔منظور احمد ملک سرحدی حفاظتی فورس کا سابق اہلکار ہے جبکہ نثار احمد ملک ایک پرائیویٹ سکول کی گاڑی چلا رہا ہے۔ صبح کے وقت مقام جھڑپ کے نزدیک نوجوانوں نے فورسز کے آپریشن میں خلل ڈالنے کی غرض سے پتھرائو کیا جنہیں منتشر کرنے کیلئے شلنگ کی گئی اور یہ سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔پولیس نے بعد میں مقام جھڑپ سے3جنگجوئوںکی لاشوں کو برآمد کیا ۔پولیس کے مطابق مہلوک جنگجوئوں میں لشکر کمانڈر اعجاز عرف ابو ہریرہ ساکن پاکستان،جاوید احمد راتھر ولد عبدالغنی ساکن ٹہاب پلوامہ اور شہنواز نذیر گنائی ولد نذیر احمد ساکن سانبورہ (سرگرم 22اکتوبر 2020)شامل ہیں۔ پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا کہ قصبہ پلوامہ میں مارے گئے3 جنگجوئوں میں پاکستانی لشکر طیبہ کمانڈر اعجاز عرف ابو ہریرہ بھی شامل ہے۔آجی پی کشمیرکا مزید کہنا تھاکہ لشکر کمانڈر ا عجاز کے ساتھ2دیگرمقامی جنگجو بھی مارے گئے۔مسلح تصادن کیساتھ ہی پلوامہ میںمیں انٹرنیٹ سروس معطل کی گئی اور پولیس نے نیو کالونی کے علاوہ مورن چوک، ڈلی پورہ،ملک پورہ، ژاٹہ پورہ، راجپورہ روڑ، مین مارکیٹ، شہید پارک اورپرچھو کے علاقوں میں بندشیں نافذ کیں۔
بڈگام میں فورسز کی کارروائی
جنگجوئوںکے2معاونین گرفتار
ارشاد احمد
سرینگر//وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میںپولیس نے جنگجوئوں کے دو معاونین کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس نے ریلوے برج موہن پورہ بڈگام میں ان دونوں معاونین سے پولیس نے گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے۔پولیس نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں لشکر طیبہ سے وابستہ تھے اور یہ ضلع بڈگام کے مختلف علاقوں میں عسکریت پسندوں کو پناہ، رسد اور دیگر سامان پہنچا نے میں مدد کرتے تھے۔ پولیس نے گرفتار شدگان کرالہ نار کلشی پورہ کے محمد اشرف اور شمس آباد بڈگام کے مرسلین مقبول سے ممنوعہ مواد، اے کے47 کے تیس راؤنڈز، چینی پستول کے سات راؤنڈس برآمد کئے ہیں۔
ارینہ سیکٹر میں ڈرون پھر نمودار
بی ایس ایف نے گولیاں چلائیں
نیوز ڈیسک
جموں//جموں ائر بیس پر ڈرون دھماکہ کے بعد ارینہ سیکٹر میں بدھ کو ایک بار پھر ڈرون نظر آئے جن پر وہاںتعینات بی ایس ایف اہلکاروں نے گولیاںچلاکر واپس جانے پر مجبور کیا ۔ بی ایس ایف نے بتایا ہے کہ ارینہ سیکٹر میں ڈرون نظر آنے کے ساتھ ہی وہاں تعینات الرٹ اہلکاروںنے ڈرون پر گولی چلاکر اس کو واپس جانے پر مجبور کیا ۔ ڈرون کی موجودگی کے بعد فوری طور پرعلاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا گیا تاہم کوئی ہتھیار تلاشی پارٹی کے ہاتھ لگا ۔