سرینگر//اسمبلی حلقہ عیدگاہ سے تعلق رکھنے والے متعددنیشنل کانفرنس کارکنوں نے محمد اشرف پالپوری کی ِقیادت میں اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس سلسلہ میں اپنی پارٹی کے مرکزی دفتر ایم ٹو چرچ لین سونہ وار میںتقریب منعقد ہوئی جس میں پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر، جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، سرینگر میونسپل کارپوریشن میئر اور اپنی پارٹی یوتھ صدر جنید عظیم متو، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی موجود تھے۔ نئے ساتھیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے غلام حسن میر نے کہاکہ اپنی پارٹی اُس وقت وجود میں آئی جب جموں وکشمیر میں سیاسی خلاء پیدا ہوگیا تھا اور لوگ خود کو بے اختیار محسوس کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی قیادت نے ہمیشہ لوگوں کے حقوق اور وقار کے تحفظ کے لئے انتھک مخلصانہ کوششیں کی ہیں۔ یہ ہماری جماعت کا عزم تھاکہ جس کے ذریعے ہم نے جموں وکشمیر کے لئے اراضی اور سرکاری ملازمتوں کے حقوق کو محفوظ کر ایا اور ریاستی درجے کی بحالی کا معاملہ بھی شدت کے ساتھ اُٹھایاجارہاہے۔ اپنی پارٹی عوام دوست جماعت ہے جس نے جموں وکشمیر میں امن، خوشحالی اور ترقی پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ میر نے کہاکہ عیدگاہ عدم توجہی کا شکار رہا ہے جس میں زمینی سطح پر ترقی نہ ہوئی ہے۔ سیاسی طور نظر انداز کرنا واحد وجہ رہی کہ عیدگاہ میں رہنے والے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اس موقعہ پر کاؤنسلر رتھ پورہ عیدگاہ محمد اشرف پالپوری نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے جموں وکشمیر میں ایک با اعتبار سیاسی پلیٹ فارم فراہم کیا۔ انہوں نے زمینی سطح پر پارٹی کیڈر کی مضبوطی کا بھی عزم کیا۔