عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سری نگر کے نگین کلب علاقے کے قریب نگین جھیل میں نہاتے ہوئے ایک لڑکا پیر کی سہ پہر ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔ ایس ڈی آر ایف نگین اور دیگر پر مشتمل ایک ریسکیو ٹیم نے واقعے کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ لڑکے کو پانی سے نکال کر ایس ڈی ایچ حضرتبل (حبک) منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔متوفی کی شناخت بعد ازاں نزیل شکیل بٹ ولد شکیل احمد بٹ ساکن نوہٹہ کے طور پر ہوئی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اتوار کو ٹنگمرگ،پہلگام اور بانڈی پورہ میں غرقآبی واقعات کے دوران پہلگام کے لنگن بل علاقے کے قریب اپنے بیٹے کو بچانے کی کوشش کے دوران ایک باپ دریائے لدر میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔اسی طرح کے ایک واقعہ میں بانڈی پورہ میں باپ کو بچاتے ہوئے بیٹے کی موت ہوگئی جبکہ ٹنگمرگ کے چھانہ پورہ میں تین سالہ مصوم بچہ کوہل میں ڈوب کر لقمہ اجل بن گیا۔