راجوری //مہاتماگاندھی نریگا ملازمین کی کام چھوڑ ہڑتال پانچویں روز بھی جاری رہی جس دوران راجوری سے ملازمین نے چلڈرن پارک سے ایک ریلی نکالی جو ڈاک بنگلہ میں اختتام پذیر ہوئی ۔ریلی میں شامل ملازمین نے کابینہ وزیر چوہدری ذوالفقار علی کار استہ روک کر انہیں یاداشت پیش کی ۔انہوںنے ذوالفقار علی کے سامنے اپنے مسائل اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایسے بدقسمت ملازم ہیں جن کیلئے آج تک حکومت کی طرف سے کوئی جاب پالیسی ہی نہیں بنائی گئی ۔ انہوںنے کہاکہ ا ن کے مستقبل کو تباہ ہونے سے بچایاجائے اور مستقل ملازمت کیلئے کوئی پالیسی وضع کی جائے ۔ان کاکہناتھاکہ ریاستی سرکار 60ہزار عارضی ملازمین کو مستقل کرنے جارہی ہے جو ایک خوش آئند فیصلہ ہے لیکن نریگا ملازمین کے ساتھ بھی انصاف کرنے کی ضرورت ہے جو آج تک ناانصافیوں کاشکار رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ وہ معمولی سی تنخواہوں پر پچھلے کئی سال سے کام کررہے ہیں اور ان کا مستقبل تاریک نظر آرہاہے ۔انہوںنے اس کے بعد ایک یاداشت اسسٹنٹ ڈیولپمنٹ کمشنر راجوری کو بھی دی ۔ نریگا ملازمین کاکہناتھاکہ وہ پچھلے کئی روز سے سراپا احتجاج ہیں لیکن متعلقہ حکام کو ٹس سے مس نہیں ہورہی اور ان کے مطالبات سننے کو بھی کوئی تیار نہیں ۔