شوپیان// شوپیان کے ہف شرمال گائوں کے کنارے نالہ رمبی آرہ میں جنگجوئوں اور فوج کے درمیان مسلح تصادم آرائی میں حزب سے وابستہ عیشمقام اننت ناگ کا جنگجو جاں بحق ہوا جبکہ دو جنگجو فرار ہوئے۔مہلوک جنگجو سے اسلحہ بر آمد کیا گیا ہے۔ادھر پلوامہ ٹائون میں سی آر پی ایف کی ایک بنکر گاڑی پر گرینیڈ پھینکا گیا جس کے جواب میں ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے بعد تلاشیاں لی گئیں۔پولیس نے بتایا کہ سہ پہر قریب 4بجے انہیں نالہ رمبی آراہ میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملی جو ہف شرمال گائوں کے کنارے سے بہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اطلاع ملنے کے فوراً بعد44آر آراور178بٹالین سی آر پی ایف کی خدمات حاصل کی گئیں جس کے بعد4بجکر 50منٹ پر نالہ کا محاصرہ کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس موقعہ پر طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا جس ایک جنگجو کی لاش بر آمد کی گئی جس کی شناخت سجاد احمد بٹ ولد غلام قادر بٹ ساکن بڈی گام عیشمقام کے طور پر ہوئی۔29سالہ سجاد احمد نے 19ستمبر 2020کو تھیار اٹھائے تھے۔اسکی تحویل سے ایک پستول اور ایک ایک گرینیڈ بر آمد ہوئے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ غالباً نالہ رمبی آرہ میں تین جنگجو بیٹھے تھے جس کے دوران انکا محاصرہ کیا گیا لیکن ان میں سے دو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے جبکہ ایک جاں بحق ہوا۔
پلوامہ
راجپورہ چوک پلوامہ میں شام دیر گئے قریب پونے نو بجے پہلے دھماکہ اور بعد میں فائرنگ کی آوزوں سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ راجپورہ چوک میں سی آر پی ایف کی ایک بینکر گاڑی کھڑی تھی جس پر گرینیڈ پھینکا گیا جو گاڑی کے نزدیک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے بعد فورسز نے ہوائی فائرنگ کی۔تاہم اس واقعہ میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔اس واقعہ کے بارے میں پولیس نے کچھ بتانے سے انکار کیا۔