مینڈھر //ناری نکیتن مینڈھر کے قریب دریا پر برسوں بعد بھی کوئی رابطہ پل تعمیر نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے ناری نکیتن کی درجنوں بچیاں پیدل دریا عبو ر کرنے پر مجبور ہیں ۔مقامی معززین نے بتایا کہ برسوں سے ناری نکیتن کے سامنے ایک رابطہ پل کی تعمیر کا مطالبہ کیا جارہا ہے جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے یقین دہانیوں کے باوجود بھی کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران کےساتھ ساتھ سیاسی نمائندوں کے جلسوں میں بھی نارنکیتن کے سامنے رابطہ پل کی تعمیر کا مطالبہ کیا گیا جبکہ ان کی طرف سے یقین دہانیوں کے باوجود ابھی تک پل تعمیر نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے درجنوں بچیاں او ر قریبی محلہ کے مکین مشکل حالات میں بھی پیدل دریا عبور کرنے پر مجبور ہیں ۔غور طلب ہے کہ ناری نکتین کی بچیاں برساتی موسم میں یاتو پیدل دریا عبور کرتی ہیں یا کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے سکول ودیگر اداروں میں جاتی ہیں جوکہ ایک مشکل عمل بھی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلداز جلد ناری نکتین کے سامنے ایک رابطہ پل کی تعمیر عمل میں لائی جائے تاکہ بچیوں کو درپیش مشکل حل ہو سکے ۔