جموں//ناردرن کمانڈ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف لیفٹیننٹ جنرل وائی کے جوشی نے جمعرات کو یہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو سے ملاقات کی۔لیفٹیننٹ جنرل جوشی نے لیفٹیننٹ گورنر کو بین الاقوامی سرحد ، ایل او سی پر کلہم سلامتی صورتحال کے بارے میں جانکاری دی۔لیفٹیننٹ گورنر اور وائی کے جوشی نے فوج کی طرف سے جموںوکشمیر کی اندرونی سلامتی یقینی بنانے سے متعلق کئی اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے فوج کی ان کوششوں کو سراہا جو وہ سرحدوں پر لگاتار نگرانی قائم رکھنے اور دہشت گردی مخالف کارروائیاں عمل لانے میں دے رہی ہے۔ضلع کشتوار کے وڑوَن ، مڈوا ،دچھن اور پالمار علاقوں سے تعلق رکھنے والے باشندوں کا ایک وفد بی ڈی سی چیئرپرسن پلمار شریمتی للتا دیوی کی قیادت میں جمعرات کے روزجموں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر جی سی مرمو سے ملاقی ہوا ۔وَفد نے لیفٹیننٹ گورنر کو پچھڑے ہوئے اور دُور دراز علاقوں کی ترقی سے متعلق کئی معاملا ت گوش گزار کئے۔اُنہوں نے اپنے مطالبات کی ایک فہرست لیفٹیننٹ گورنر کو پیش کی۔اِن مطالبات میں پلمار میں گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول اور پی ایچ سی کا قیام ، پلمار میں سفلوٹن نہر کی تعمیر اور بندر کوٹ میں شمشان گھاٹ تعمیر کرنا شا مل ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر وفد کے ممبران سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں یقین دِلایا کہ حکومت اُن کے جائز مطالبات پر غور کرے گی۔دریں اثنا اننت ناگ کے سینئر سیاسی لیڈر منظور احمد خان نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور انہیں رنبیر پورہ مٹن میں پینے کے پانی کے پروجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے منظور احمد خان کو یقین دِلایا کہ پینے کے پانی جیسے مطالبات کی طرف حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے منظو ر احمد خان کو عوامی بہبودی سے متعلق اُٹھائے جارہے اقدامات کو جاری رکھنے کی تلقین کی۔