سوناواری//نائد کھئے تارزو سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہونے کی وجہ سے مسافروں بالخصوص علاقے کی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔بارہ کلومیٹر پر مشتمل یہ سڑک کئی برسوںسے خستہ حال ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق سڑک کے آس پاس درجنوں دیہات رہائش پذیر ہیں جن کیلئے یہ سڑک انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ سڑک پر جگہ جگہ تارکول اکھڑ جانے سے سڑک کے بیچوں بیچ بڑے بڑے کھڈ بن چکے ہیںجو بارشوں میں جھیل کا منظر پیش کرتے ہیں۔بانڈی پورہ،بارہمولہ،سرینگر اور گاندربل اضلاع کے ہزاروں افراد روزانہ اس سڑک پر سفر کرتے ہیں۔گاندربل،سمبل،صفاپورہ،کنگن،حاجن ،مرکنڈل،نائد کھئے،گنڈ جہانگیر،ہارتار، امبر پور،تارزو اور سوپور کے اکثرلوگ اسی سڑک پر سفر کرکے اپنی اپنی منزل تک پہنچتے ہیں تاہم اب کھنڈرات میںتبدیل ہونے سے انہیںعبور و مرور میں اب مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔تارزو سوپور کے ایک شہری جاوید احمد بٹ نے بتایا کہ سرینگراور گاندربل اضلاع تک پہنچنے کے لئے وہ اسی سڑک پر سفرکرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اس سڑک کی کشادگی کے سلسلے میں کام شروع کیا گیا جو سست رفتاری سے جاری ہے اور ایسا محسوس ہورہا ہے کہ اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے سالوں درکار ہیں۔