عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے بٹھنڈی (اوپر ی طرف )میں مکہ چوک کے قریب نالہ پر سلیب کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔سنگ بنیاد کی تقریب میں رُکن اسمبلی باہو حلقہ وِکرم رندھاوا بھی نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔وزیر اعلیٰ نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم منصوبے پر کام شروع ہونے سے مقامی باشندوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ منصوبے کا معیار اور بروقت تکمیل اِنتہائی ضروری ہے کیوں کہ یہ نہ صرف علاقے کو خوبصورت بنائے گا بلکہ مقامی رہائشیوں کے لئے آسان آواجاہی کو بھی ممکن بنائے گا۔
اُنہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت جموں و کشمیر میں شہری بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے کہا،’’اس طرح کے اَقدامات سے رَسائی میں نمایاں بہتری آتی ہے اور شہریوں کی مجموعی معیارِ زندگی کو بہتر کرتی ہے۔‘‘ اِس موقعہ پر رُکن اسمبلی باہو وِکرم رندھاوا نے خطاب کرتے ہوئے اس منصوبے کو شروع کرنے اور لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے نائب وزیر اعلیٰ کے کوششوں کی سراہنا کی۔مقامی باشندوں نے ان کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے اور علاقے کی ترقی کے لئے عملی اقدامات کرنے پر حکومت کا شکریہ اَدا کیا۔اِس موقعہ پربٹھنڈی ڈیولپمنٹ فورم کے نمائندوں سمیت مقامی لوگوں نے نائب وزیر اعلیٰ کے سامنے مختلف مسائل بھی گوش گزار کئے۔نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام جائز مطالبات کو متعلقہ محکموں کے سامنے پیش کریں تاکہ ان کا جلد از جلد اَزالہ کیا جا سکے۔
چسوتی پاڈر میں یاتریوں کی سہولت کیلئے بیلی پُل کی تنصیب کا حکم
نائب وزیر اعلیٰ کا پاڈر ناگسینی حلقہ میں سڑک اور پُل پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے پاڈر ۔ ناگسینی حلقہ میں جاری سڑک اور پُل کے ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ منعقد کی۔ اِس میٹنگ میں حزبِ اِختلاف کے لیڈر سنیل شرما بھی شرکت کی۔ دورانِ میٹنگ نائب وزیر اعلیٰ نے پردھان منتری گرام سڑک یوجنا ، نیشنل بینک فار ایگری کلچر اینڈرورل ڈیولپمنٹ ( نبارڈ ) اور پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے تحت جاری تمام سڑک اور پُل منصوبوں کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ اُنہوں نے کاموں کے جائزے کے دوران تمام جاری منصوبوں کی تیز رفتار اور معیاری تکمیل کی ضرورت پر زور دیا تا کہ مقررہ وقت میں تکمیل یقینی بنائی جا سکے ۔ نائب وزیراعلیٰ نے کہا، ’’حکومت اس خطے میں تمام بستیوں تک بہتر سڑک انفراسٹرکچر کو مضبوط کرنے اور ہموار رابطے کو یقینی بنانے کا عزم رکھتی ہے ، عمل درآمد میں کسی بھی کمی یا تاخیر کو سنجیدگی سے دیکھا جائے گا ۔ ‘‘ اُنہوںنے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ پروجیکٹوں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے دوران مقامی ایم ایل اے کو شامل کیا جائے تا کہ ترقیاتی کام علاقے کی ضروریات اور ترجیحات کے مطابق ہوں۔نائب وزیراعلیٰ نے کہا، ’’ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر کام کی تکمیل اور منصوبہ بندی میں عوامی نمائندوں سے مشاورت کی جائے تا کہ مناسب اور مطلوبہ ترقی کی پیشکش اور عمل درآمد ہو ۔ ‘‘ اُنہوں نے یاتریوں اور عام لوگوں کی بلا روک ٹوک آمدورفت کو یقینی بنانے کیلئے بیلی پُل کی تنصیب پر بھی زور دیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے افسران کو فوری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت دی کہ کشتواڑ کے گاؤں چشوتی میں جہاں گذشتہ برس کے سیلاب میں پُل بہہ گیا تھا وہاں بیلی پُل تعمیر کیا جائے تا کہ جلد از جلد رابطہ بحال کیا جا سکے ۔ اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ تمام جاری منصوبے مقررہ ٹائم لائن میں مکمل کئے جائیں ۔ میٹنگ کے شروعات میں حزبِ اِختلاف کے لیڈر سنیل شرمانے مختلف منصوبوں کی موجودہ صورتحال پر بات کی اور لوگوںکے مسائل کو میٹنگ میں پیش کیا تا کہ ان کا بروقت حل کیا جا سکے ۔میٹنگ میں پاڈر ناگسینی حلقہ میںعملائے جا رہے مختلف نبارڈ اور سی آر ایف منصوبوں پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔