جموں //پولیس نے ایک انوکھی پہل کرتے ہوئے لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے بازئوں اور پیشانی پر ’میں کورونا لاک ڈائون کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوں‘کی مہریں ثبت کرنا شروع کردیا ہے ۔اس مہر کے ذریعہ پولیس ان افراد کی آسانی سے شناخت کرسکے گی جو باربار اپیل کئے جانے کے باوجود لاک ڈائون کی پاسداری نہیں کررہے ہیں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکل رہے ہیں۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا’’ہم نے لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والوں کیلئے ایک خصوصی مہر تیار کی ہے اور لگ بھگ 150سے 200افراد پر مہریں ثبت کی گئی ہیں ‘‘۔انہوںنے بتایاکہ پولیس نے یہ اقدام اس لئے کیا کیونکہ کئی افراد بار بار باہر نکل آرہے ہیں اور انہیں اپیلوں پر کوئی اثر نہیںہوتا۔انہوں نے کہاکہ یہ مہر ان افراد کے جسم پر 15سے 20دن تک باقی رہے گی اورایسے میں ان کاپھر سے باہر نکلنا مشکل ہوگا۔انہوںنے دعویٰ کیاکہ اس اقدام کے بعد آر ایس پورہ قصبہ و نواحی علاقوں میں مکمل بندرہااور سڑکیں خالی رہیں۔ مذکورہ افسر کے مطابق ’’آپ دیکھیں گے کہ بشناہ ، ارنیہ اور میراں صاحب پولیس تھانوں کے تحت پڑنے والے علاقوں میں مہر ثبت کئے جانے کے بعد یہ افراد پھر سے باہر نہیں آئے ، ہم چیکنگ پوائنٹوں پر لوگوں پر نگرانی رکھ رہے ہیں ‘‘۔