جموں /ایم سی آئی کی لوازمات کو پورا کرنے کی ایک کڑی کے طور پر صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے یہاں گورنمنٹ میڈیکل کالج میں 32بستروںپر مشتمل ریکوری وارڈ اور ڈاکٹروں کے لئے کامن فیسلٹی روم کا افتتاح کیا۔ ایک کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے ریکوری وارڈ سے مختلف یونٹوں میںمریضوں کے رَش کو کم کیا جاسکے گا۔ اسی طرح 20لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے کامن فیسلٹی روم سے ڈاکٹروں کو سہولیات مہیا ہوں گی۔وزیر موصوف نے کہا کہ ایم سی آئی کی ان لوازمات کو حکومت نے پورا کردیا ہے۔صحت کی وزیر مملکت آسیہ نقاش اور ایم ایل اے ست شرما بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔بالی بھگت نے اس موقعہ پر کہا کہ حکومت ریاست میں صحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے لئے پُر عزم ہے اور یہاں کی اکثر آبادی صحت کی ضروریات سرکاری ہسپتالوں سے ہی پورا کرتی ہے۔انہوںنے کہا کہ جی ایم سی جموں ایک اہم ٹریشری ادارے کے طور پر کام کر رہا ہے جو پورے جموں خطے کے مریضوں کو علاج و معالجہ کی بہتری مہیا کرتا ہے۔وزیر نے کہا کہ پچھلے برس جی ایم سی جموں میں پچاس سیٹوں کے اضافے کے بعد ایم سی آئی نے اپنے معائینے کے دوران کئی سہولیات کی کمی کی نشاندہی کی تھی جس سے اب حکومت نے پورا کردیا ہے۔پرنسپل جی ایم سی ڈاکٹر سنندا رینہ کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجو د تھے۔