راجوری //گہری نیند میں سورہے میونسپل کمیٹی حکام راجوری کی نیند بھی بالآخر کھل گئی ہے اور انہوںنے نئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کی طرف سے کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کئے جانے کے بعد صاف صفائی کاکام شروع کردیاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ گزشتہ روز ہوئی میٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنر نے راجوری میں صفائی ستھرائی نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیاتھااور متعلقہ افسران کوہدایت دی تھی کہ وہ یاتو اپنی ذمہ داری نبھائیں یاپھر کارروائی کیلئے تیار ہوجائیں ۔ذرائع نے کہاکہ اس دوران ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹی راجوری کی کارکردگی کا دیگر اضلاع کی کمیٹیوں سے موازنہ کیا اور یہ تک بھی کہاکہ ڈپٹی کمشنر دفتر کے باہر کا کوڑا دان بھی گندگی سے بھرا پڑاہے جسے خالی نہیں کیاگیا۔موصوف کی طرف سے سخت ہدایات ملتے ہی میونسپل کمیٹی راجوری کے ملازمین حرکت میں آگئے اور انہوںنے شہر میں صفائی ستھرائی کاکام شرو ع کردیاہے ۔عینی شاہدین کاکہناہے کہ جو ملازم کبھی صبح بھی صفائی کاکام نہیں کرتے تھے وہ اب شام کے وقت بھی یہ کام کررہے ہوتے ہیں ۔ایک مقامی شہری سنیل کمار نے بتایاکہ وہ اس بات پر حیران ہیں کہ میونسپل کمیٹی ملازمین جو صبح دس بجے کے بعد کہیں نظر بھی نہیں آتے تھے ،اب شام پانچ بجے تک کام کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔دیگرمقامی لوگوں نے بھی میونسپل کمیٹی کے ملازمین کو کام پر دیکھ کر حیرانی کا اظہار کیاہے ۔مقامی لوگوںنے ڈپٹی کمشنر پر زور دیاکہ ہے کہ وہ اسی طرح سے محکمہ کے کام میں بہتری لانے کے اقدامات جاری رکھیں ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ میونسپل کمیٹی راجوری پچھلے تین سال سے تنقید کی زد میں رہی ہے اوراس پر لاپرواہی اور گندگی کو سرے عام جلانے کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں ۔