راجوری //راجوری شہر اور خاص کر اندرونی سڑکوں کی خراب حالت و صحت و صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے ہمیشہ سے تنقید کی زد میں رہنے والی میونسپل کمیٹی راجوری نے غفلت کی نیند سے بیدارہوتے ہوئے کچھ گلیوں کی صفائی کروائی تاہم یہ کام وزیر تعمیرات عامہ نعیم اختر کے دورہ ¿ راجوری سے قبل سے کروایاگیا۔واضح رہے کہ نعیم اختر پی ڈی پی کے ریاستی سیکریٹری شہزاد خان کی والدہ کی وفات پر تعزیت پرسی کیلئے راجوری ان کے گھر پہنچے ۔وزیر موف کے دورہ کے پروگرام کے پیش نظر میونسپل کمیٹی کے اہلکار کام پر دیکھے گئے اور انہوںنے واٹر ٹینک محلہ کی گلیوںسے گندگی صاف کردی ۔مقامی لوگوں نے اس پر میونسپل حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ راجوری میں تبھی صفائی ستھرائی کاکام ہوتاہے جب کسی وی آئی پی کو دورہ کرناہوتاہے نہیں تو حکام غفلت میں سوئے رہتے ہیں اور لوگ گلیوں اور سڑکوں پرجمع گندگی سے نکلنے والی عفونت سے پریشان ہوتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پچھلے کئی دنوںسے گندگی گلیوں اور سڑکوں پر پڑی تھی جس کو ہٹانے کی زحمت گوارہ نہیں کی گئی لیکن جیسے ہی حکام کو یہ علم ہواکہ کابینہ وزیر تعزیت پرسی کیلئے راجوری آرہے ہیںتو ملازم لگاکر صفائی کروائی گئی ۔ان کاکہناہے کہ عام حالات میں متعلقہ حکام کوئی توجہ نہیں دیتے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ وہ امید کرتے ہیں کہ راجوری شہر کی صفائی صرف تبھی نہیںہوگی جب کسی وی آئی پی کو دورہ کرناہوگابلکہ صفائی کاکام روزانہ کی بنیاد پر انجام دیاجائے گا۔