تھنہ منڈی//بے روزگار یونین تھنہ منڈی نے میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے خلاف پیر کے روز بھی احتجاجی دھرنا دیکر حکام کو تنقید کا نشانہ بنایا۔نوجوانوںنے میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے گیٹ کے قریب احتجاجی دھرنا دیا۔ احتجاج میں قمر جاوید، سلیم جاوید رینہ، منظور احمد گنائی، جاوید احمد، مختار احمد، محمد شریف کوہلی وغیرہ بھی شامل تھے جنہوںنے الزام عائد کیاکہ میونسپل کمیٹی کے تحت ہوئے بھرتی عمل میں بے ضابطگیاں کی گئی ہیں اور تعیناتیاں چوردروازے سے ہوئی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ اس کمیٹی میں پنچایتوںسے لوگ بھرتی کئے گئے ہیں جبکہ قصبہ تھنہ منڈی کے بیروزگاروں کو نظرانداز کیاگیاہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ میونسپل کمیٹی میں بھرتی کرتے وقت کنبہ پروری کی گئی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیکر کہا کہ میونسپل کمیٹی میں ہوئی بے ضابطگیوں کی فوری طور پر تحقیقات کی جائے اور زمینی سطح پر کام کرنے والے ملازمین کے ناموں کو آن لائن کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہیںہوئے تووہ کوئی سخت اقدامات کرنے پرمجبور ہوجائیںگے ۔اس ضمن میں ایگزیکٹوآفیسر تھنہ منڈی کبیر احمد ملک نے کہا کہ محکمہ کی تحقیقات جاری ہے اور جوکاغذات میں ہوگا ،وہ عوام کے سامنے لایا جائے گا۔