پونچھ//پالی تھین کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کے سرکاری حکم نامے کے باوجود پونچھ میں اس کا استعمال ہورہا ہے جو یہاں کی ماحولیات کیلئے سم قاتل بنتا جارہا ہے ۔ محکمہ میونسپل کونسل پونچھ کی جانب سے اس صورت حال پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے ۔اس سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے چیف ایگز یکٹو آفیسر پونچھ مشتاق احمد کی ہدایت پر افسران نے کی ایک ٹیم نے خلاف ورزی انسپکٹر امرپال سنگھ کی قیادت میںپونچھ کے صدر بازار کا اچانک دورہ کیا اور کئی کلوپالی تھین تھیلوں کو ضبط کر کے انھیں نذر آتش کردیا۔سی ای او میونسپل کونسل پونچھ نے کہا کہ غذائی اجناس کی پیکنگ کیلئے پالی تھین لفافوںکے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث ماحولیات پر بھی گہرا اثر پڑرہا ہے۔انھوں نے کہا کیونکہ لوگ اشیاء کی خرید فروخت کے بعد پولیتھین کھلے میں پھینک دیتے ہیںاور اسکے مضر اثرات کو نظر انداز کیا جاتا ہے جو نہایت خطر ناک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان پلاسٹک بیگز کو استعمال کے بعد کھلے میں پھینک دیا جاتا ہے جو ہمارے لئے انتہائی مضر ہے کیونکہ یہ اپنی کیمیاوی خصوصیات کے باعث مٹی، پانی یا ہوا میں گلنے سڑنے کے بجائے ہمارے ماحول کیلئے مضر اور ضرر رساں بن جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے یہاں اگرچہ اس وقت پالی تھین پر مکمل پابندی ہے لیکن اْس کے باوجود د چوری چھپے اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔انھوں نے کہا پونچھ کے بازار کی اگر بات کریں تو یہاں پر کپڑے سے لیکر لالی پاپ ٹافی، دودھ، نمک ، کھانڈ تک پولیتھن میں فروخت کیا جارہا ہے جو قانونی جرم ہے۔انھوں نے دکانداروں اورعوام سے اپیل کی کہ وہ پالیتھین بیگ کا استعمال کرنابند کریں۔ انھوں نے کہا کہ اگر کوئی استعمال کرے گا تو محکمہ ان کے خلاف سخت کاروائی کرے گا۔